مریم نواز سن لیں وقت کا پہیہ گھومنے میں دیر نہیں لگتی،بیرسٹر سیف
پشاور(آئی این پی)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ مریم نواز سن لیں وقت کا پہیہ گھومنے میں دیر نہیں لگتی۔ اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ مریم نواز نے پی ٹی آئی خواتین کو اذیت دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہیں، عالیہ حمزہ، یاسمین راشد، صنم جاوید اور دیگر کو غیرقانونی حراست میں لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک دن ان بہادر خواتین کی جگہ آپ سلاخوں کے پیچھے ہوں گی، پی ٹی آئی خواتین ہر اذیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں مگر آپ نہیں کر سکیں گی۔ بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ صنم جاوید کو پیشی کے بہانے لاہور کی سڑکوں پر پولیس وین میں گھمایا جارہا ہے، تپتی دھوپ میں وین گھنٹوں کھڑی کر کے ان کو اذیت دی جاتی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ ضمانتیں ملنے کے باوجود پی ٹی آئی کی خواتین کو رہا نہیں کیا جا رہا۔
بیرسٹر سیف