پتہ نہیں اینگری مین عمران خان کا جھگڑا کس سے ہے:احسن اقبال
لاہور(آئی این پی)وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے لگتا ہے سابق وزیر اعظم اینگری مین ہیں، پتہ نہیں ان کی کس سے لڑائی اور جھگڑا ہے، ملکی عدم استحکام سے خود مختاری دا ؤ پر لگ سکتی ہے، پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہے انتشار کا حصہ بننا ہے یا پاکستان کو آگے لے جانا ہے،بانی پی ٹی آئی مذاکرات چاہتے ہیں تو اداروں پر حملے بند کریں، گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے کہا پاکستان کو اگلے تین سے پانچ سال میں سب سے بڑا چیلنج غیر ملکی ادائیگیوں کا ہے، ہمیں اپنی پیداواری صلا حیت کو بروئے کار لانا ہوگا، ایسا ماحول پیدا کرنا پڑیگا کہ سرمایہ کار سرمایہ کاری کرسکے، اگر ماضی کی طرح لڑائیوں میں پڑے رہے تو پاکستان کی خودمختاری داؤ پر لگ سکتی ہے۔احسن اقبال نے کہا لوگ ہمیں آکر کہتے ہیں اگر پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو انہیں پانچ سال جیل میں رکھیں، اب یہ تحریک انصا ف کو سوچنا ہے ان کو کیسے چلنا ہے، بانی پی ٹی آئی شکست کھاتے ہیں تو عدالت کا کندھا استعمال کرتے ہیں، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں 80فیصد قرضے لئے گئے جن کی ادائیگی گلے کا طوق بن چکی ہے، پیپلز پارٹی کیساتھ ہماری کوئی لڑا ئی نہیں، وہ ہماری اتحادی ہے چھوٹے موٹے ایشوز چلتے رہتے ہیں۔احسن اقبال نے کہا چین کیساتھ قرضوں اور دیگر ادائیگیوں پر بات چیت سے معاملات حل کرینگے۔چین پاکستا ن کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر بحران اور مشکل میں ہماراساتھ دیا، حالیہ دورہ چین کے حوالے سے انہوں نے کہا چین کی قیادت سے پاکستان کے مسائل پر کھل کر بات ہوئی جس میں سی پیک کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیاگیا، چینی قیادت پاکستان میں سی پیک کا اپ گریڈورژن لانا چاہتی ہے جو ہمارے لئے بہت بڑی ذمہ داری اور سنہری موقع ہوگا، ا نہو ں نے کہا پانچ سالوں کیلئے امن، استحکام اور اصلاحات کے سفر کو طے کرنے کیلئے آگے بڑھنا ہوگا،معاشی میدان کی طرف سفر کا رخ نہ کیا تو پھر مہنگائی اور مسائل کا سامنا کرناپڑیگا، وفاقی وزیر نے کہا ہمسایہ ملک بھارت کے نومنتخب وزیر اعظم کی انتخابی تقریریں سن چکے ہیں جس میں انہوں نے کس طرح پاکستان کیلئے بغض نکالا،یہ بات درست ثابت ہوئی بھار ت میں مسلمانوں کیلئے کوئی جگہ نہیں،ہماری کوشش ہونی چاہیے پاکستان کو بھارت سے زیادہ کامیاب کیا جائے۔
احسن اقبال