اٹک‘ ایلیٹ فورس کے اہلکار نے رنجش پر 2 وکلا ء کو چیمبر میں گھس کر قتل کردیا
اٹک، لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک میں پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے 2 وکلا کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار نے رنجش پر وکیل کے چیمبر میں داخل ہو کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سابق صدر ڈسٹرکٹ بار اٹک اسرار احمد اور ایڈووکیٹ ذوالفقار مرزا جاں بحق ہوگئے۔پولیس کا بتانا ہے قاتل کو گرفتار کرکے تھانہ اٹک سٹی منتقل کردیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ مقتول وکلا کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔دوسری طرف وفاقی وزیر قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہاہے اٹک میں وکلا کے قتل کا ہولناک واقعہ قابل مذمت ہے، اس کیس میں انصاف ہوتا نظر آئے گا، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے دونوں وکلا ء کے قتل سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے، حکومت کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات میں کوئی کمی نظر نہیں آئیگی، اب قانون اپنا راستہ لے گا۔
وکلاء قتل