شہباز شریف نے مشکل وقت میں معیشت ٹھیک کرنیکا بیڑہ اُٹھایا‘مریم اورنگزیب
لاہور (جنرل رپورٹر) سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام اور صنعت کار برادری کو ریلیف دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ100 دن میں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق اور مریم نواز شریف نے پنجاب میں عوامی خدمت اور ملکی معیشت کی بحالی کیلئے بے مثالی کام کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کا بجٹ معیشت کو درست سمت میں ڈالنے اور استحکام دینے کا نظریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار میں معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ ہوا وہ سلسلہ اب انشاء اللہ بند ہو چکا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل ترین وقت میں پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنے کا بیڑہ اُٹھایا۔کسی کی طرح ملک کو ڈیفالٹ کر کے چھوڑا نہیں بلکہ بہادری دلیری اور نیک نیتی سے عوام کا بازو بنے اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب ملک کو معاشی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ جاری ہے۔قائد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کو واپس ترقی و خوشحالی کی منزل کی طرف تیزی سے لیجا رہی ہے۔ صنعتوں کیلئے بجلی کی لاگت کم ہونے سے کاروبار، روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔پٹرول کی قیمت میں اب تک 35 روپے کی کمی عوام سے وعدوں کی تکمیل اور خوشحالی کی نوید ہے۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ عوام کیلئے بڑھتا ہوا ریلیف دیکھ کر ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے دھکیلنے والوں میں گھبراہٹ بڑھتی جا رہی ہے۔انشاء اللہ اللہ سب بہتر کرے گا بس عوام کو ساتھ دیناہوگا۔
مریم اورنگزیب