نارتھ کراچی میں پانی کا مصنوعی بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا

نارتھ کراچی میں پانی کا مصنوعی بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی میں پانی کا مصنوعی بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا،نارتھ کراچی سیکٹر 2،سیکٹر3،سیکٹر فائیو اے ون سمیت ملحق علاقوں میں گذشتہ 12دنوں سے پانی غیر اعلانیہ طور پر بند ہے،علاقہ کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے اور پانی کی عدم فراہمی سے ٹینکر مافیا کی چاندی ہو گئی ہے جبکہ عید الاضحی کی آمد سے قبل پانی کی سپلائی نہ ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوا ہے،پانی کے ستائے عوام نے پانی کی فراہمی فوری نہ ہونے پرعید الاضحی کے دن فور K چورنگی پر احتجاج کی دھمکی دی ہے۔تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی میں عید الاضحی کی آمد سے قبل ہی پانی کا مصنوعی بحران پیدا کر دیاہے۔نارتھ کراچی کے بعض سیکٹر ز میں پانی کا پریشر معمول سے انتہائی کم ہے جبکہ مذکورہ بالا علاقوں میں پانی نایاب ہو چکا ہے اور لوگ پانی کے لئے ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق عید الفطر،عید الاضحی اور محرم الحرام کے دنوں میں مذکورہ علاقوں میں پانی غیر اعلانیہ طور پر بند کر نے کے بعد ٹینکروں کے ذریعے پانی خریدنے پر مجبور کیا جا تا ہے۔مہنگائی کے اس دور میں ٹینکر عوام کی جیب پر نہ صرف اضافی بوجھ ہے بلکہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ناکارہ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ واٹربورڈ مذکورہ علاقوں کا پانی کسی دوسرے علاقے کو دیکر مال کما رہا ہے اور ہمیں پانی کے مصنوعی بحران سے دوچار کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر اتوار کے روز پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال نہ کی گئی تو فور K چورنگی پر عید الاضحی کے دن احتجاج کرینگے اور نتائج کی ذمہ دار متعلقہ ادارے ہوں گے۔