رواں مالی سال بڑی مال بردار گاڑیوں کی فروخت میں 50 فیصد اضافہ

رواں مالی سال بڑی مال بردار گاڑیوں کی فروخت میں 50 فیصد اضافہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال 2016-17ء کے دوران بڑی مال بردار گاڑیوں کی فروخت میں 50 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ رواں مالی سال میں ابتدائی سات ماہ کے دوران بڑے ٹرکوں کی فروخت کا حجم 4 ہزار 39 یونٹس تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا جنوری کے دوران فروخت کا حجم 2 ہزار 701 یونٹس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ مالی سال 2015-16ء کے دوران جولائی میں 278، اگست میں 404، ستمبر میں 357، اکتوبر میں 339، نومبر میں 363، دسمبر میں 453 جبکہ جنوری میں 507 بڑی مال بردار گاڑیاں فروخت کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران جولائی میں 583، اگست میں 605، ستمبر میں 474، اکتوبر میں 521، نومبر میں 583، دسمبر میں 538 اور جنوری میں 735 ٹرک فروخت کئے گئے۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران ٹرکوں کی فروخت میں ایک ہزار 338 یونٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران بڑی مال بردار گاڑیوں کی فروخت میں 49.53 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت مال بردار گاڑیوں کی طلب میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پاما کے رکن ادارے بہترین کارکردگی کی حامل اور تیل کی کم کھپت والی بڑی مال بردار گاڑیوں کی اندرون ملک تیاری کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہے ہیں تاکہ مال بردار بین الاقوامی معیار کی گاڑیوں کی طلب کو پورا کیا جا سکے۔

مزید :

کامرس -