چائینہ انڈسٹریز زونز میں ملکی صنعتکاروں کو بھی مراعات دی جائیں،صدرگرائنڈنگ ملز ایسویسی ایشن
لاہور(کامرس رپورٹر )تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر سابق ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبر نے حکومت کی جانب سے چائینہ انڈسٹریز زونز کے قیام کے فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چائینہ انڈسٹریز زونز کے قیام سے ملک میں نئی انڈسٹریز قائم ہوگی اور اس سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چائینہ انڈسٹریز کے قیام سے ملک کا شمار بڑی منڈیوں میں ہوگا اور اس سے درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ سے تجارتی خسارہ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے تاجروں کے وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ چائینہ انڈسٹریز زونز میں نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کے لاکھوں مواقع دستیاب ہونگے اور ملک سے بے روزگار ی کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ چائینہ انڈسٹریز زونز میں ملکی صنعتکاروں کو بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرح مراعات فراہم کی جائیں تاکہ ملکی صنعتکار بھی اس زونز سے فائدہ اٹھاکر اس میں سرمایہ کاری کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی رپورٹوں کے مطابق حکومتی معاشی اصلاحات کی بدولت پاکستان 2025تک دنیا کی بیسویں معاشی اکانوی بن جائے گا جو خوش آئند بات ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔#