ملک میں جدید ترین نیوروسرجیکل آپریشن متعارفکرانے کیلئے ورکشاپ

ملک میں جدید ترین نیوروسرجیکل آپریشن متعارفکرانے کیلئے ورکشاپ

لاہور (جنرل رپورٹر)ملک میں جدید ترین نیوروسرجیکل آپریشن متعارف کرانے کے حوالے سے معروف نیورو سرجن جنرل ہسپتال شعبہ نیورو سرجری یونٹ 2کے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو کی زیر نگرانی آپریشن تھیٹر میں بذریعہ ویڈیو لنک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کمر کے مہروں کی ڈسک کے ذریعے اینڈو سکوپی آپریشن کے طریقہ کار کو 70سے زائد نوجوان ڈاکٹروں اور کنسلٹنٹ نیورو سرجنز کو آپریشن تھیٹر سے براہ راست عملی طور پر کر کے دکھایا گیا ۔

پروفیسر آف نیورو سرجری ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ مہروں کی ڈسکوں کے امراض میں مبتلا مریضوں میں کمر اور ٹانگ کی درد (Sciatica) شدت اختیار کر جاتی ہے اس صورت میں ڈسک کو نکالنا ضروری ہو جاتا ہے ۔ اس طریقہ علاج میں جلد کے محض ایک انچ سے بھی کم حصے کو کاٹ کر بذریعہ کیمرہ مہروں کے درمیان ڈسک کے عین اوپر فٹ کر کے ڈسک کو نکال لیاجاتا ہے اگرڈسک کو بروقت نہ نکالا جائے تو وہ کسی مستقل معذوری کا باعث بن سکتی ہے ۔ پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ اس طریقہ آپریشن سے مریض فوری چل پھر سکتا ہے ۔اسے زیادہ دیر ہسپتال میں ٹھہرنے کی ضرورت نہیں پڑتی اوروہ اسی شام ہسپتال سے ڈسچارج کر کے گھرچلا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے میں مریض کو اس آپریشن کے اخراجات تقریبا 2سے 3لاکھ روپے تک برداشت کرنا پڑتے ہیں جبکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی پالیسی کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں بالکل مفت سہولت میسرہے ۔انہو ں نے کہا کہ یہ تربیتی ورکشاپ نوجوان ڈاکٹروں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور مریضوں کے بہتر علاج میں معاون ثابت ہو گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...