انرویل ڈسٹرکٹ 340 ساہی وال میں سالانہ تقریب کی روداد
انر ویل ڈسٹرکٹ 340پاکستان خواتین کی ایک فعال تنظیم ہے جس کے 17 کلب اپنے اپنے شہروں میں اپنے وطن کے لوگوں کے دکھ درد باقاعدگی سے بانٹتے ہیں اور ان کی تمام ممبران اپنے ملک کے عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت مستعد رہتی ہیں۔ہماری ڈسٹرکٹ 340 پاکستان کے آئین کے مطابق بحال ہے اور اپنے منشور اور قواعد کے مطابق کام کر رہی ہے۔
انر ویل میں ہر سال باقاعدگی سے الیکشن ہوتا ہے اور جو بھی چیئرمین منتخب ہوتی ہے اس نے اپنے تمام کلبوں کو سرپرستی کرنی ہوتی ہے۔ اس سال 2016-17ء کی چیئرمین ساہی والی سے تھی لہٰذا سالانہ کانفرنس کا انعقاد بھی ساہی وال میں ہوا۔ تمام شہروں سے سینکڑوں کی تعداد میں ممبران نے شرکت کی ۔ اس تقریب میں سب سے زیادہ کام کرنے والی صدور ، سیکرٹریز اور خاص پراجیکٹ چلانے والیوں میں ایوارڈز دیئے جانے تھے۔ ان کا انتخاب پہلے سے ہو چکا تھا۔
ساہی وال میں خواتین کی رونق اور ان کا سج سنور کر آنا بھلا دکھائی دے رہا تھا۔ تقریب کا ہال خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ ڈسٹرکٹ ٹیم اور کانفرنس چیئرمین کے چہروں پر رونق ہویدا تھی۔ وہ انتظار میں تھیں کہ مہمان خصوصی کب پہنچے گا۔ ہمارے ملک کے دستور کے مطابق مہمان خصوصی ہمیشہ تاخیر سے آتے ہیں۔ کانفرنس کا آغاز ہو چکا تھا اور لوگ دھیرے دھیرے ہال میں آ رہے تھے۔ اسی اثناء میں لاہور کی ٹیم بمعہ راقم کے داخل ہوئے اور ٹھیک دو منٹ بعد مہمان خصوصی بھی ہال میں تشریف لے آئے۔ تنظیم کے کسی بھی ممبر کو مہمان خصوصی کا پتہ نہیں تھا کہ وہ کون ہے ۔ جیسے ہی مہمان خصوصی نے ہال میں قدم رکھا تو اس کی خوبصورت شخصیت نے حاضرین کو متوجہ کرلیا۔ مہمان خصوصی پاکستان کے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی تھے ۔ ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔ انہیں سٹیج پر لایا گیا ۔17کلب کے صدور نے اپنے اپنے کلب کی مختصر رپوٹیں پیش کیں۔ مہمان خصوصی نے بڑے دھیان سے سنا۔ پھر ڈسٹرکٹ چیئرمین نے سالانہ کارروائی کے بارے میں بتایا۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں ڈسٹرکٹ 340کے ہر ممبر کی تعریف کی اور کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ ہمارے ملک کی خواتین نہ صر ف بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک کا نام روشن کر رہی ہیں بلکہ اپنے ملک کی پسماندہ اور غریب عورتوں اور بچوں کے دکھ درد میں ہمہ تن شریک ہیں۔وہ جن فلاحی کاموں میں مصروف ہیں وہ قابلِ فخر اور لائق تحسین ہیں۔یہ وہ خواتین ہیں جو اپنی مدد آپ کے تحت کام کرتی ہیں اور کسی سے مدد کی طالب نہیں ہیں۔ نہ حکومت سے نہ بیرون ملک سے انہیں فنڈ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید دو بار وزیر اعظم رہی تھیں۔ وہ بھی خاتون تھیں۔محترمہ فہمیدہ مرزا قومی اسمبلی کی سپیکر تھیں اورسٹیٹ بینک کی گورنر بھی خاتون تھیں۔آج خاتون پائلٹ ہے، سائنس دان ہے اور ہر اس جگہ دکھائی دیتی ہے جہاں کے تصور سے وہ پہلے خوف زدہ ہوا کرتی تھی۔آپ سب کو دیکھ کر مجھے محترمہ بے نظیر شہید یاد آگئیں۔ وہ آج زندہ ہوتی تو آپ کے کام کی تعریف کرتیں۔ ہمارے ملک کی خواتین بہادر ہیں اور اس موقع پر آپ کے فلاحی کاموں سے باخبر ہو کر میں بہت خوش ہوا ہوں۔ کوشش کروں گا کہ دوبارہ بھی آپ کے پروگراموں میں شرکت کروں۔
اس کے بعد مہمان خصوصی نے بہترین صدر کے ایوارڈ رفعت اعظم، شاہدہ نسیم اور سونیا خان کو دیئے۔ بہترین سیکرٹری لاہور ویسٹ کی شہناز شیخ اورمڈٹاؤن ملتان کی سیکرٹری قرار پائی۔ پوری ڈسٹرکٹ ٹیم کو شیلڈیں دی گئیں اور بہترین کارکردگی پر راقم کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔ مہمان خصوصی کو ڈسٹرکٹ 340کی جانب سے یادگاری شیلڈ دی گئی۔ سابق وزیر اعظم پاکستان بہت خوش تھے ۔ انہوں نے تقریب کو مکمل وقت دیا اور پرتکلف ظہرانہ میں ممبران کے ساتھ کھانا کھایا۔ وہ تین بجے تقریب سے الوداع ہوئے ۔
تقریب کا سیکنڈ سیشن سوا تین بجے شروع ہوا جس میں تمام صدور اور سیکرٹریز کو شیلڈیں دی گئیں اور بیسٹ پراجیکٹ پر ایوارڈ دیئے گئے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں ملتان مڈ ٹاؤن ، انر ویل لاہور ویسٹ، مین ساہی وال، خانیوال کی صدر ڈاکٹر عابدہ، ایبٹ آباد، جھنگ، لاہور شاہین، لاہور روز، لاہور امبر،لاہور ایلیٹ،لاہور سٹار ویسٹ، لاہور ایسٹ ویسٹ اور لاہور میٹرو پولٹین شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین سعادیہ فتیانہ نے 2017-18ء کی ڈسٹرکٹ ٹیم کا تعارف کرایا جس میں ملتان سے چیئرمین ساجدہ خلیل ، ایبٹ آباد سے سیکرٹری ڈاکٹر سلمیٰ کنڈی، ساہی وال مین سے وائس چیئرمین آنٹی فقیر محمد اور خزانچی صفیہ اسلم تھیں۔آئی ایس او الہٰی رحمت اور ای ایس او شافع جھنگ سے تھیں۔
ملتان کی ساجدہ خلیل کا نام جب لیا گیا تو پورے ہال میں تالیوں کی گونج دیر تک سنائی دیتی رہی۔ یوں لگ رہا تھا کہ پوری ٹیم میں سے چیئرمین کے لئے زیادہ خوشی محسوس کی جارہی تھی۔ میں اس نتیجہ پر پہنچی کہ ماضی کے گزشتہ برسوں میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ان شہروں سے کوئی آئے گا۔ بہر حال سبھی پہنچے اور نئی ٹیم کو مبارک باد دی گئی۔
سیکنڈ سیشن کے مہمان خصوصی ساہی وال کے سٹی ناظم بلوچ صاحب تھے۔ انہوں نے خواتین کے جوش و خروش کو سراہا، ان کی فلاحی کارکردگی کی تعریف کی اور اپنے تعاون کا بھرپور یقین دلایا۔ کانفرنس چیئرمین یاسمین تنویر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کو سب نے مبارک باد دی۔ یوں کانفرنس کامیابی سے تمام ہوئی۔