موصل ،داعش کا وزیرِ صنعت گرفتار، عراقی فورسز کا مزید علاقوں پر قبضہ
بغداد(اے پی پی) عراقی فورسز نے شمالی شہر موصل میں داعش کے وزیر صنعت اور اس کے معاون کو گرفتار کر لیا ہے اور داعش کے جنگجوؤں کو شکست سے دوچار کرنے کے بعد مزید علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے۔العربیہ نیوز کے مطابق عراقی فورسز کے لیفٹیننٹ جنرل عبدالامیر رشید یاراللہ نے مغربی موصل کے ایک علاقے شیخ محمد شرق بادوش کو داعش کے پنجے سے آزاد کرانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وہاں عراق کا پرچم لہرا دیا گیا ہے۔انھوں نے بتایا ہے کہ داعش کے وزیر صنعت کو بادوش ہی سے گرفتار کیا گیا ہے۔البتہ انھوں نے اس وزیر کے بارے میں مزید تفصیل نہیں بتائی ہے اور صرف یہ کہا ہے کہ وہ عراقی ہے۔عراق کی وفاقی پولیس کی سریع الحرکت فورس کے ایک کمانڈر رائد شاکر جودت نے کہا ہے کہ مغربی موصل کے نوّے فی صد قدیم حصے کو داعش سے آزاد کرا لیا گیا ہے اور ان کی فورس دریائے دجلہ کے قدیم پْل سے صرف ایک سو میٹر کی دوری پر ہے۔