پی یو، سنٹر فار کلینیکل سائیکالوجی کی معذوروں کے عالمی دن پرآگاہی واک
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ معذوری کا شکار افراد معاشرے میں نظر انداز کئے جا رہے ہیں جبکہ خصوصی افراد کوخاص توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار کلینیکل سائیکالوجی کے زیر اہتما م معذوروں کے عالمی دن پرالرازی ہال کے باہرنکالی گئی آگاہی واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان، ڈائریکٹر سنٹر فار کلینکل سائیکالوجی اور اپلائیڈ سائیکالوجی پروفیسر ڈاکٹر فرح ملک ، فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔
انہوں نے کہا مہذب معاشروں میں خصوصی افراد کی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو سہولیات کی فراہمی ممکن بنانا ہماری سماجی ذمہ داری ہے اور ہمیں اپنی تمام تر توانائی نیک کاموں میں صرف کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اپنی سماجی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہی ہے اور اس معاملے میں لیڈ کرے گی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا کہ خصوصی افراد کو قومی دھارے میں شامل کیا جانا چاہیے اور ہمیں ان کی دیکھ بھال کرنی چاہیے۔بعد ازاں ریلی کے شرکاء نے گیٹ نمبر 2پر پہنچ کر راہگیروں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے۔