پنجاب بینک فراڈ کیس کے مرکزی ملزم ہمیش خان امریکہ میں گرفتار
نیویارک 228 اسلام آباد (آن لائن228 مانیٹرنگ ڈیسک) بنک آف پنجاب فراڈ کیس کے مرکزی ملزم اور سابق صدر ہمیش خان کو امریکہ میں گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان قومی احتساب بیورو غزنی خان نے بتایا کہ امریکہ کے محکمہ انصاف کی طرف سے نیب کو جمعرات کو باضابطہ طور پر ہمیش خان کی گرفتاری سے آگاہ کردیا گیا ہے اور اب ان کو وطن واپس لانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے بنک آف پنجاب فراڈ کیس کے مرکزی ملزم کو وطن واپس لانے کیلئے امریکی حکومت سے بار بار درخواستیں کی تھیں جو کہ بالاآخر کامیاب ثابت ہوئیں اور امریکہ میں روپوش ہمیش خان کو امریکی پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیش خان پر 9ارب روپے سے زائد کے غبن کا الزام ہے اور اس فراڈ کیس کے دیگر ملزمان پہلے ہی گرفتار کئے جا چکے ہیں۔ دوسری طرف امریکی سکیورٹی حکام نے ہمیش خان کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے اور امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے سمیت نیب کے حکام کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔