’’خادم پنجاب زیور تعلیم پروگرام ‘‘کا آغاز طالبات کیلئے ماہانہ وظیفہ میں 5گنا اضافہ ،سالانہ 6ارب روپے ،وظائف دیئے جائیں گے :شہباز شریف

’’خادم پنجاب زیور تعلیم پروگرام ‘‘کا آغاز طالبات کیلئے ماہانہ وظیفہ میں ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے 16اضلاع سے ’’خادم پنجاب زیور تعلیم پروگرام‘‘آغاز کردیاگیا ہے،جس کے تحت ہر سال 6ارب روپے کے وظائف طالبات میں تقسیم کیے جائیں گے اوراس پروگرام سے چھٹی سے دسویں جماعت کی 4لاکھ60ہزار سے زائد طالبات مستفید ہوں گی۔پروگرام کی سوفیصد شفافیت یقینی بنانے کیلئے طالبات کو وظائف کی ادائیگی خدمت کارڈ کے ذریعے کی جارہی ہے اوریہ وظائف طالبات کی تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے 80فیصد سکول حاضری سے مشروط ہے ۔خدمت کارڈ کے ذریعے طالبات کو ماہانہ 1000روپے فی کس کے حساب سے وظائف دےئے جارہے ہیں اس طرح طالبات کیلئے ماہانہ وظیفہ کی شرح میں پانچ گنااضافہ کیاگیاہے۔میری وظائف حاصل کرنے والی قوم کی بیٹیوں کو نصیحت ہے کہ آپ نے تعلیم کے حصول کیلئے آگے بڑھنا ہے ،جمود کو توڑتے ہوئے ملک کی تقدیر بدلنا ہے،دھونس و دھاندلی اورسفارش کے کلچر کو ختم کرنے کیلئے آپ نے تحریک کے طورپرکام کرنا ہے اورملک کو صحیح معنوں میں قائدؒ واقبالؒ کا پاکستان بنانے کیلئے اپنا موثر کردارادا کرنا ہے ۔ قوم کی بیٹیوں کی تعلیم کے لئے وظائف کی فراہمی کے پروگرام پر تنقید ظلم و زیادتی ہے ،میں ایسی تنقید سے گھبرانے والانہیں ہوں، میری زندگی کا آخری لمحہ بھی عوام اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف ہے۔میرا بس چلے تو میں 6ارب روپے کے بجائے 60ارب روپے قوم کی ان بیٹیوں کی تعلیم کیلئے ان کے قدموں پر نچھاور کردوں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ایوان اقبال میں ’’خادم پنجاب زیور تعلیم پروگرام‘‘ کے تحت طالبات میں خدمت کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے کہ قوم کی عظیم بیٹیوں کو اپنی تعلیم کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے ایک شاندار پروگرام کا اجراء کیاگیا ہے۔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم قیادت میں لازوال قربانیوں کے بعداس لئے حاصل کیاگیا تھا کہ یہاں انصاف کا بول بالا ہوگا اورسب کو ترقی کرنے کیلئے یکساں مواقع ملیں گے لیکن آج اشرافیہ کو تو تمام سہولتیں میسر ہیں جبکہ غریب افراد تعلیم اورصحت جیسی بنیادی سہولتوں کیلئے بھی ترس رہے ہیں ۔اشرافیہ کو عام آدمی کی فلاح وبہبود کیلئے جاری انقلابی پروگرام کی مخالفت بند کردینی چاہیے۔ قائداعظم کے پاکستان میں اشرافیہ کے ظلم و زیادتی کے نظام کو بند کرنا ہوگا ورنہ انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک سکے گا۔اشرافیہ کو اندازہ نہیں کہ عام آدمی کی بچیاں کس مشکل میں تعلیم اورعلاج معالجے کی سہولتیں حاصل کرتی ہیں اورکس طرح زندگی کے بے رحم تھپیڑوں کا مقابلہ کرتی ہیں۔پسماندہ علاقوں میں بچیوں کی تعلیم کیلئے وظائف کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا گیا ہے تو اشرافیہ کو اس پر بھی تکلیف ہورہی ہے۔اپنے بچوں کیلئے تو ہر سہولت ہو لیکن غریب کی بچیوں کیلئے تعلیمی وظائف پربھی اعتراض ،ایسی سوچ پرصدافسوس ہے۔ اشرافیہ غریبوں کے زخموں پر نمک پاشی نہ کریں اوران کی دل آزری سے باز رہیں۔اگران کے یہ روئیے نہ بدلے تو وہ وقت دورنہیں جب ایک ہجوم ہوگا اوران سے وسائل چھین لے گا۔ پاکستان صرف اشرافیہ کا نہیں بلکہ سندھ، پنجاب،بلوچستان،خیبر پختونخوا،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور ملک کے تمام علاقوں میں بسنے والے 20کروڑ عوام کا ہے۔میڈیکل کالجوں، یونیورسٹیوں اورتعلیمی اداروں میں بھی قوم کی بیٹیاں قوم کے بیٹوں سے آگے ہیں ۔ملالہ یوسفزئی اورارفع کریم کی روشن مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ’’ خادم پنجاب زیور تعلیم پروگرام ‘‘کے تحت جنوبی پنجاب کے 16اضلاع میں قوم کی بیٹیوں کی تعلیم کیلئے ماہانہ وظیفہ 200روپے سے بڑھا کر1000روپے کیا گیا ہے، اب قوم کی بیٹیوں کو وعدہ کرنا ہے کہ انہیں جو وظیفہ دیا جارہا ہے ۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’خادم پنجاب زیورتعلیم پروگرام ‘‘ شہباز شریف کی اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے جو وہ قوم کے بیٹے اوربیٹیوں کوتعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے رکھتے ہیں۔ آپ علم کی شمع روشن کر کے تعلیم کے میدان میں مشعل راہ بن چکے ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سوشل سیکٹر ریفارمز کا ایک نیا باب رقم کیا ہے۔صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہاکہ پنجاب حکومت نے خواتین کو تعلیم دینے اورانہیں بااختیار بنانے کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب زیورتعلیم پروگرام ‘‘ کے تحت خدمت کارڈ ز کی تقسیم کے لئے 200سے زائد مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ 108موبائل مراکز بھی تشکیل دےئے گئے ہیں۔غربت کے خاتمے کیلئے جہالت کا خاتمہ ضرور ی ہے اوریہ پروگرام اسی جانب اہم قدم ہے۔ وائس چےئرمین پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ڈاکٹر امجد ثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بچیوں کو وظائف کی فراہمی کے پروگرام کو ایک انقلاب قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے طالبات میں حصول وظائف کیلئے خدمت کارڈز تقسیم کیے۔تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،چیف سیکرٹری،اساتذہ،ماہرین تعلیم،دانشوروں، والدین اورطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول


loading...