قومی کتاب میلہ 22تا24اپریل اسلام آباد میں منعقد ہوگا

قومی کتاب میلہ 22تا24اپریل اسلام آباد میں منعقد ہوگا

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) قومی کتاب میلہ 22 سے 24 اپریل تک اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی سربراہی میں بدھ کو منعقد ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے پاک چائنہ سینٹر میں منعقد ہونے والا یہ میلہ تین دن جاری رہے گا اور اسے قومی یکجہتی کی ایک بڑی تقریب کے طورپر منایا جائے گا۔ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ کتاب میلہ ماضی کی روایت کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے نہ صرف کتاب کے فروغ بلکہ ملک بھر کے عوام کے درمیان ہم آہنگی کی علامت کے طور پر منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزراء اعلیٰ کے علاوہ آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم کو بھی کتاب میلے میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ گورنر خیبرپختونخوا فاٹا کی نمائندگی کریں گے۔ عرفان صدیقی نے بتایا کہ ملک بھر سے 200 کے قریب اشاعتی ادارے اپنے سٹالز لگائیں گے اور سو سے زائد اہل علم و دانش خصوصی دعوت پر شریک ہوں گے۔ وزیراعظم کے مشیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ سہ روزہ تقریب اسلام آباد کے شہریوں کے لئے ایک پرکشش سرگرمی ثابت ہو گی۔ انہوں نے نیشنل بک فاؤنڈیشن کے ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید کو ہدایت کی کہ وہ کتاب میلے کو زیادہ سے زیادہ بامقصد اور پرکشش بنانے کے لئے ضروری اقدامات کریں اور اس سلسلے میں انہیں وزارت کی بھرپور سرپرستی حاصل رہے گی۔ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے سیکرٹری انجینئر عامر حسن، جوائنٹ سیکرٹری سید جنید اخلاق کے علاوہ کیڈ اور سی ڈی اے کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزید : علاقائی


loading...