مناواں،نامعلوم افراد نے 50سالہ بیوہ خاتون کو وحشیانہ تشدد اور گلادبا کر ہلاک کر دیا ،نعش گہرے گڑھے میں پھینک دی

مناواں،نامعلوم افراد نے 50سالہ بیوہ خاتون کو وحشیانہ تشدد اور گلادبا کر ہلاک ...

لاہور(خبرنگار) مناواں کے علاقہ میں 50 سالہ بیوہ خاتون کو نامعلوم افراد نے وحشیانہ تشدد اور گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور نعش ویرانے میں گہر ے گڑھے میں پھینک دی۔ باغبانپورہ اور مناواں پولیس حدود کے تعین پر لڑتی رہیں۔ بتایا گیا ہے کہ احمد ٹاؤن کی رہائشی 50 سالہ بیوہ زبیدہ بی بی 10 روز قبل گھر سے ایک رشتے دار کے گھر جانے کے لئے نکلی، رات تک گھر واپس نہ آنے پر گھر والوں نے باغبانپورہ پولیس کواطلاع دی۔ پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرنے کی بجائے ٹال دیا۔ گزشتہ روز علی الصبح مناواں کے علاقہ نت کلاں کے قریب واقع خالی پلاٹوں میں مزدور اینٹوں کے لئے کھدائی کر رہے تھے کہ ایک گہرے گڑھے میں 50 سالہ خاتون کی نعش پائی گئی جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دیکھا تو خاتون کے جسم اور گلے پر تشدد کے نشانات تھے۔ پولیس نے جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ کی کاپی سے چیک کیا تو معلوم ہواکہ مقتولہ کا نام زبیدہ بی بی اور احمد ٹاؤن کی رہائشی ہے، جس پر گھر والوں کواطلاع دی۔ معلوم ہوا کہ مقتولہ دس روز قبل کسی کام کے سلسلہ میں رشتے داروں کے گھر گئی اور واپس نہیں آئی تھی۔ مقتولہ کے بیٹے واپڈا ملازم کاشف محمود نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ والدہ کے گھر نہ پہنچ پانے پر وہ تھانہ باغبانپورہ گئے تو پولیس نے مقدمہ درج کرنے کی بجائے ٹال دیا۔ مقتولہ کی بہن زاہدہ بی بی ، بھتیجے زبیر علی ، مدثر علی نے بتایا کہ وہ دس روز سے تھانہ کے چکر لگا رہے تھے، لیکن پولیس نے ایک نہ سنی، مقتولہ کا خاوند غلام قادر سات قبل فوت ہو گیا تھا ، مقتولہ تین بیٹوں اور تین بیٹیوں کی ماں تھی۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالے کی تو گھر میں کہرام برپا ہو گیا۔ مقتولہ کی بیٹیاں نعش سے چمٹ کر زاروقطار روتی رہیں۔ مقتولہ کو گزشتہ روز مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔تفتیشی افسر سب انسپکٹر محمد آصف نے بتایا کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ خاتون کوکسی نے تشدد کرنے کے بعد گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتارا ہے، تاہم پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ اسے اغوا کر کے دس روز قید میں رکھا گیا ہو اور اسے بداخلاقی کا نشانہ بنانے کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا، اصل واقعات پوسٹ مارٹم اور فرانزنک لیب کی رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔

مزید : علاقائی


loading...