پولیس کے کسی اہلکار نے پیٹھ پر نہیں ،شہریوں کی خاطر سینے پر گولی کھائی ہے :امین وینس

پولیس کے کسی اہلکار نے پیٹھ پر نہیں ،شہریوں کی خاطر سینے پر گولی کھائی ہے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لا ہور (کرا ئم رپورٹر)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ پولیس نے سی آئی اے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کر لیا ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لائیں گے، ظفر اقبال نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جان جان آفریں کے سپرد کر دی ،کیس کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہے ہیں۔لاہور پولیس کے کسی بھی اہلکار نے پیٹھ پر نہیں بلکہ اس شہر کی سلامتی کی خاطر سینوں پرگولیاں کھائی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائینز قلعہ گجر سنگھ میں شہید ہونے والے پویس اہلکار ظفر اقبال کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نماز جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ عثمان خٹک، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن غلام مبشر میکن، ایس پی سی آئی اے طارق مستوئی، ایس پی ہیڈ کوآرٹر عاطف نذیر و دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔ نمازہ جنازہ کے موقع پر شہید اہلکار ظفر اقبال کو پولیس اہلکاروں کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی۔ شہید ظفر اقبال 30نومبر 1996کو محکمہ پولیس میں بطور کانسٹیبل بھرتی ہوئے ۔پولیس لائن قلعہ گجرسنگھ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کی رہائش گاہ غوثیہ کالونی مغلپورہ لایا گیا جہاں رشتہ دار،دوست احباب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شہید کی نماز جنازہ ادا کی۔بعد ازاں ساہواڑی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔شہید کانسٹیبل نے سوگوران میں دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔

واضح رہے کہ ٹبی سٹی کے علاقہ میں دو ڈاکو بینک سے نکلنے والے لوگوں سے گن پوائنٹ پررقم چھین رہے تھے ،اسی دوران سی آئی اے کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے جس پر ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر ظفر اقبال شہید ہو گئے۔شہید ظفر اقبال نے سوگواران میں بیوی، 2بیٹیاں اور ایک بیٹا سوگوارچھوڑا ہے۔

مزید :

علاقائی -