بلا اجازت موبائل میسجز سے پوری قوم پریشان ،مسئلے کا حل نکالنا ضروری ہے :ہائیکورٹ

بلا اجازت موبائل میسجز سے پوری قوم پریشان ،مسئلے کا حل نکالنا ضروری ہے ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ بلااجازت موبائل میسجز سے پوری قوم پریشان ہے، اکثر اوقات تو موبائل پر بیہودہ میسجز آجاتے ہیں، اس مسئلے کا حل نکالنا ضروری ہے۔جسٹس شاہد جمیل خان نے شاہد جمال تبریزی ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کمپنیاں موبائل صارفین کو بلااجازت ایس ایم ایس کر کے پریشان کرتی ہیں، موبائل ایس ایم ایس کو انتخابی اور مارکیٹنگ کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے، کسی صارف کو بلااجازت میسج کرنا بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،بلااجازت موبائل میسجز پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد ریمارکس دیئے کہ بلااجازت موبائل ایس ایم ایس سے پوری قوم پریشان ہے، فاضل جج نے کہا کہ وہ بھی جب صبح جاگتے ہیں تو موبائل پر درجنوں فضول میسجز آئے ہوتے ہیں، بعض اوقات تو صارفین کو بیہودہ موبائل میسجز بھی بھجوائے جاتے ہیں، درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ اس درخواست میں پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور موبائل کمپنیوں کے جوابات آچکے ہیں لیکن ان کے وکلاء بحث مکمل کرنے میں تاخیر کر رہے ہیں، عدالت نے فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کرتے ہوئے سماعت 18اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔

مزید : علاقائی


loading...