بجلی پیدا کرنیوالی فیکٹریوں اور کارخانوں سے الیکٹریسٹی چارجز وصول نہ کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے واپڈا کو ذاتی بجلی پیدا کرنے والی فیکٹریوں اور کارخانوں سے الیکٹریسٹی چارجز وصول کرنے سے روک دیا ہے،عدالت نے وزارت پانی و بجلی اور واپڈا سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس عائشہ اے ملک نے سروس انڈسڑیز کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وہ اپنے وسائل سے بجلی پیدا کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود واپڈا الیکٹریسٹی چارجز وصول کر رہا ہے۔ واپڈا کو ذاتی بجلی پیدا کرنیوالی فیکٹریوں اور کارخانوں سے الیکٹریسٹی سرچارجز وصول کرنے کا اختیار نہیں ہے ،واپڈا کو ایسے چارجز وصول کرنے سے روکا جائے، عدالت نے چارجز کی وصولی کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے وزارت پانی و بجلی اور واپڈا سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیاہے۔