حسین حقانی ،زرداری،گیلانی کا کورٹ مارشل کیا جائے:سپریم کورٹ میں درخواست

حسین حقانی ،زرداری،گیلانی کا کورٹ مارشل کیا جائے:سپریم کورٹ میں درخواست

اسلام آباد228 لاہور ( ایجنسیاں228نامہ نگار خصوصی) امر یکہ میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کے ایبٹ آباد آپریشن سے متعلق بیان کے خلاف مسلم لیگ ن کے رہنماء ظفرعلی شاہ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی ہے جس میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ سابق صدرآصف علی زرداری،سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی اور حسین حقانی کا کورٹ مارشل کیا جائے ۔تینوں افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں ، دائر کردہ درخواست میں وفاقی حکومت ، وزارت دفاع ، وزارت خارجہ ، سیکرٹری داخلہ ،وزارت قانون ، آصف علی زرداری ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، اور حسین حقانی کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حسین حقانی نے ایبٹ آباد آپریشن کے لیے سہولت کار کاکردار اداکرنے کا اعتراف کیاہے، امریکہ کی افواج کو پاکستان کی ایک فوجی چھاؤنی کے علاقے میں مسلح یلغار سے متعلق صرف تین افراد کو پتہ تھا اور ان میں حسین حقانی کے علاوہ آصف زرداری اور یوسف رضاگیلانی بھی شامل تھے، ان تینوں افراد نے ملک و قوم کی سلامتی کو داؤ پر لگاتے ہوئے ایک مکروہ سازش کرتے ہوئے قومی جرم کا ارتکاب کیا ۔ اس بات کا اعتراف حسین حقانی نے واشگاف الفاظ میں کیا ہے ، اور آصف زردار اور یوسف رضاگیلانی نے اس بات کی تردید تک نہیں کی ۔ ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 2016میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے اس وقت کے آرمی چیف اور دیگر جرنیلوں کو مخاطب کرتے ہوئے واشگاف الفاظ میں کہا تھا کہ آپ لوگ چند عرصے کے لیے ہیں جبکہ ہم نے ہمیشہ رہنا ہے ، آپ اپنے آپ کو ٹھیک کر لیں ورنہ اینٹ سے اینٹ بجا دوں گا ، اس تقریر کے بعد وہ ملک سے فوری طور پر باہر چلے گئے تھے اور دوبارہ آرمی چیف کی تبدیلی کے بعد وطن واپس آئے ، درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حسین حقانی ، آصف علی زرداری اور یوسف رضاگیلانی کے ساتھ ملکر ایک قومی جرم کے ارتکاب کا اعتراف کر لیا ہے ، آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے دستور کے مطابق پاکستان کے ساتھ حلف وفاداری بھی اٹھا یا تھا اور لیکن اس کے باوجود انہوں نے سہولت کاری کا کردار ادا کیا ہے اور ایبٹ آباد آپریشن سے متعلق معلومات کو افواج پاکستان سے خفیہ رکھا ہے ، تینوں افراد ملک کے ساتھ غداری کے مرتکب ہوئے ہیں ان کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جانے ضروری ہیں ، اگر ان تینون افراد کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6 اور دیگر قوانین کے تحت مقدمات نہ بنائے گئے تو یہ نہ صرف پاکستان بلکہ 20کروڑ عوام کے بنیادی حقوق کی پامالی ہو گی اور آئند بھی ہر وقت اس بات کا خدشہ رہے گا کہ کسی بھی وقت ملک کی اندرونی خودمختاری کو خطرہ لاحق رہے گا ، درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان تینوں افرا د کے فعل سے نہ صرف درخواست گزار بلکہ پاکستان کے عوام کے بنیادی حقوق بھی متاثر ہوئے ہیں ، درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ حسین حقانی کوبیرون ملک سے لانے کے احکامات دینے کے ساتھ سابق صدر آصف علی زرداری،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اورحسین حقانی کانام ای سی ایل میں شامل کیاجائے۔سید ظفر علی شاہ نے حالیہ انکشافات پر امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے اور کورٹ مارشل کی درخواست دائر کی ہے۔درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت خارجہ وداخلہ ، وزارت قانون اور حسین حقانی کو فریق بنایا ہے۔درخواست میں کہاگیا ہے کہ حسین حقانی نے بیرون ملک روانگی سے قبل عدالت عظمی کو وطن واپسی کی یقین دہانی کرائی تھی۔درخواست میں کہا گیاکہ حسین حقانی نے اپنے حالیہ آرٹیکل میں اعتراف کیا ہے کہ امریکہ نے ان کی مدد سے اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حسین حقانی ملکی سلامتی کے راز افشا کرتے رہے ہیں، انہیں انٹرپول کے ذریعے پاکستان لاکر عدالت عظمی میں پیش کیا جائے۔درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ حسین حقانی کے ساتھ جو دیگرلوگ غداری میں ملوث ہیں ان کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دیا جائے۔سینیٹر ظفر علی شاہ نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ حسین حقانی نے اپنے بیان میں ایبٹ آباد آپریشن کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کا اعتراف کیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ حسین حقانی کو بیرون ملک سے لانے کا حکم دے اور آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی اور حسین حقانی کے نام ای سی ایل میں شامل کئے جائیں۔لاہور سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے خلاف غداری کا مقدمہ شروع کرنے کے لئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی ہے، یہ درخواست سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں وطن پارٹی کے بیرسٹر ظفر اللہ خان نے دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حسین حقانی نے اپنے حالیہ کالم میں اعتراف کیا ہے کہ قومی سلامتی سے متعلق راز امریکہ کے حوالے کئے گئے، میموگیٹ سکینڈل میں حسین حقانی کے خلاف کیس سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے جس میں 2012ء سے حسین حقانی ضمانت پر ہیں اور امریکہ فرار ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حسین حقانی کو انٹرپول ذریعے پاکستان لایا جائے اور ان کے خلاف غداری کا مقدمہ شروع کیا جائے۔

ظفر علی شاہ

اسلام آباد( ایجنسیاں) امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے حالیہ بیانات اور انکے مضمون پر قومی اسمبلی میں زبردست گرما گرمی ہوئی۔ وزیر دفاع خواجہ محمدآصف نے حسین حقانی کے بیان پر پارلیمانی کمشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسین حقانی کے بیان سے قومی سلامتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، اسامہ بن لادن کا ہماری سر زمین پر مرنا ہمارے لیے مسائل بڑھا رہا ہے،حسین حقانی نے اس وقت کے دو اہم عہدوں پر رہنے والوں پر الزامات لگائے ،اس وقت کی سویلین حکومت نے امریکیوں کو ویزے دیے جو پاکستان میں امریکی مفادات کیلئے کام کرتے رہے،حسین حقانی کیبیان پر آئندہ پیر کو پالیسی بیان دونگا، سعودی عرب میں بریگیڈ بھیجنے کی خبروں میں صداقت نہیں،یمن کے معاملے پر پاکستان نے کوئی فوجی مداخلت نہیں کی ۔اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حسین حقانی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے ہمیں کوئی اعتراض نہیں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے ۔وہ قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کررہے تھے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ گزشتہ دنوں سابق سفیر حسین حقانی کا آرٹیکل میڈیا میں آیا جو ہماری قومی سلامتی سے متعلق تھا‘ حسین حقانی عدلیہ سے واپس آنے کی یقین دہانی کرا کر ملک سے باہر گئے مگر آج تک واپس نہیں آئے۔ حسین حقانی نے اس دور کے صدر آصف زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی پر الزامات لگائے ہیں۔ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔ حسین حقانی نے اس وقت کے دو اہم عہدوں پر رہنے والوں پر الزامات لگائے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے حسین حقانی کو غدار کہہ کر جان چھڑائی یہ ہماری قومی سلامتی کا ہے مگر اپوزیشن لیڈر نے اس معاملے کو غیر اہم قرار دیا۔ پالیسی بیان میں میں ایبٹ آباد آپریشن سے متعلق سابق صدر آصف علی زرداری ‘ یوسف رضا گیلانی اور احمد مختار کے بیانات بھی ایوان کے سامنے رکھوں گا۔ حسین حقانی کے ایبٹ آباد آپریشن پر اپوزیشن لیڈر سمیت سب نے ردعمل دیا اور اس وقت کے صدر سمیت وزیر اعظم نے بھی ان کے بیان کو تسلیم کیا تھا ۔ اسامہ بن لادن کا ہماری سر زمین پر مرنا ہمارے لیے مسائل بڑھا رہا ہے، ہر دو سے تین ماہ بعد کوئی نہ کوئی اٹھ کر اسامہ بن لادن کے حوالے سے ہم پر الزامات لگا دیتا ہے۔ حسین حقانی کے آرٹیکل سے ہماری قومی سلامتی کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی ہوئی ہے۔ حسین حقانی اہم عہدوں پر فائز رہینہوں نے 60 لاکھ ڈالرز کے بے جا اخراجات کیے جب کہ اس وقت کی حکومت نے ملک کے خلاف اقدامات کی اجازت دی،سکیورٹی اداروں کے علم کے بغیر دبئی اور امریکہ سے ہزاروں افراد کو ویزے دیے گئے، امریکیوں کو ویزوں کے اجرا میں سابق وزیر داخلہ ملوث ہیں۔ سویلین حکومت نے ہزاروں افراد کو ویزے دیے جو پاکستان میں امریکی مفادات کے لیے کام کرتے رہے، اس دور کے وزیر داخلہ بھی اس معاملے سے آگاہ تھے، یہ ہماری قومی سلامتی کے معاملے کا استحقاق مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کا یہی فائدہ ہے کہ اس میں قومی اہمیت کے حامل معاملات پر بحث ہو۔ حسین حقانی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے کہ دہشت گردوں کے ساتھ کس کے تعلقات ہیں اور دہشت گردوں کو کون پاکستان لایا۔ مگر اس پارلیمانی کمیٹی میں ڈان لیکس‘ میمو گیٹ پر بھی تحقیقات کی جا ئے۔ ایسے معاملات پارلیمنٹ میں لانے سے یہ ایوان اور زیادہ مضبوط ہوگا۔ تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا کہ حسین حقانی کے معاملے پر کمیٹی بنائی جائے مگر گزشتہ چند روز سے مشرق وسطیٰ کے میڈیا میں یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ پاکستان نے ایک بریگیڈ سعودی عرب میں تعینات کی ہے۔ یمن کے معاملے پر اس ایوان میں پانچ دن بحث ہوئی جس کے بعد یہ تجویز دی گئی تھی کہ پاکستان سعودی عرب اور یمن کے مابین تنازعے میں کسی بھی قسم کی فوجی مداخلت نہیں کرے گا۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب میں بریگیڈ بھیجنے کی خبروں میں صداقت نہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 1982ء میں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت پاکستانی فوج سعودی عرب میں موجود ہے جس کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہے جس میں ڈاکٹرز اور انجینئر شامل ہیں۔ یمن کے معاملے پر ہم نے قومی اسمبلی کی قرارداد کو حکم کے طور پر مانا۔ پاکستان نے سعودی عرب اور یمن کے تنازعے پر کسی قسم کی فوجی مداخلت نہیں کی۔ پاکستان نے اگر سعودی عرب میں کوئی بریگیڈ بھیجی تو اس ایوان کو ضرور آگاہ کریں گے۔ پاکستان دو مسلم ممالک کے درمیان اپنے مفادات کے تنازعہ پر مداخلت نہیں کرے گا تاہم مصالحت کے لئے تیار ہیں۔ ایم کیو ایم کے شیخ صلاح الدین نے کہا کہ حسین حقانی کے معاملے پر پارلیمانی کمیشن قائم کرنے سے قبل اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن کی تحقیقات کے لئے بنائے گئے ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ کو بھی منظر عام پر لایا جائے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ حسین حقانی کے معاملے پر مجوزہ کمیٹی کے پاس اختیارات ہوں گے کہ وہ جس کمیشن کی چاہے رپورٹ طلب کرسکے گی۔ تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حسین حقانی کے معاملے پارلیمانی کمیٹی بنانے سے قبل کچھ چیزوں کی احتیاط ضروری ہے جس میں اگر میمو گیٹ کیس کی رپورٹ آگئی ہے تو اس کو جاری کیا جائے جبکہ ڈان لیکس کی رپورٹ کو بھی جاری کیا جائے۔ حسین حقانی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تجویز کو سراہتے ہیں۔پارلیمانی کمیٹی بنانے سے قبل حسین حقانی کے آرٹیکل میں جن ویزوں کے اجراء کا ذکر کیا گیا ہے ان ویزوں کی تعداد بھی جاری کی جائے کہ ان ویزوں کے ذریعے پاکستان آنے والے چھ سے سات فٹ کے آدمی پاکستان کی سڑکوں پر دندناتے پھرتے رہے اور اس حوالے سے بھی تفصیلات جاری کی جائیں کہ کتنے ویزے پاکستان اور کتنے دوبئی سے جاری ہوئے۔ سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت 4اکائیوں پر مشتمل فیڈریشن کو توڑنا چاہتی ہے،حکومت پارلیمنٹ کو ااہمیت نہیں دیتی صرف اقتدار کی سیڑھی سمجھتی ہے ، پیپلز پارٹی چالیس سال ڈکٹیٹروں کیساتھ لڑی، پاکستان میں ضیاء الحق نے دہشت گردی کا پودا لگایا اور اس پودے کا ایک حصہ آج حکومتی بنچوں میں بھی ہے،گزشتہ4سال میں وزیر اعظم کے پاس لندن ،ترکی اور دسرے ممالک جانے کا ٹائم تھا مگر غریب کیلئے ٹائم نہیں تھا،آجالیکشن نزدیک آرہے ہیں تو وزیراعظم کو غریب عوام کا درد محسوس ہورہا ہے ،وفاق ترقیاتی منصوبوں پر تفریق کر رہا ہے،حکومت چاہتی ہے کہ آدھا پاکستان بھوکا رہے کیونکہ وہ ان کا سیاسی مخالف ہے یہ جمہوریت نہیں ڈکٹیٹر شپ ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں رہنے والے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کی ذمہ داری ریاست کی ہوتی ہے۔ تمام پاکستانیوں کو ان کے حقوق دینا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن نہ ہو تو حکومت کورم پورا نہیں کرسکتی اپوزیشن کا پارلیمنٹ کو چلانے میں اتنا بڑا تعاون ہے مگر حکومت کی جانب سے اپوزیشن اور پارلیمنٹ کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کو اپنے مفادات کی سیڑھی بنانا غلط ہے۔ ملک آج جن مسائل میں الجھا ہوا ہے اس کی ایک بڑی وجہ حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کو اہمیت نہ دینا ہے اور پارلیمنٹ کو صرف اقتدار کی سیڑھی سمجھنا ہے۔ بڑے افسوس کی بات ہے کہ وزیراعظم نواز شریف گزشتہ چار سال کے دوران صرف اٹھارہ دن ایوان میں آئے ایک سو سات دن ملک سے باہر رہے۔ ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور دیگر سکیورٹی ادارے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں دوسری جانب ہماری عوام دہشت گردی کے خلاف لڑرہی ہے مگر اس کے باوجود دنیا کی جانب سے ہم پر شک کیا جارہا ہے اور ہم پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں۔ حسین حقانی کے معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی میں ڈان لیکس کو بھی شامل کیا جائے مگر ایک ایسی کمیٹی بھی بنائی جائے جو اس بات کی تحقیقات کرے کہ وزیراعظم نواز شریف کتنا عرصہ ملک سے باہر رہے اور ایوان میں کتنی بار آئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چالیس سال ڈکٹیٹروں کے ساتھ لڑی اس ملک میں دہشت گردی سویلین حکومت نہیں بلکہ ایک ڈکٹیٹر لے کر آیا۔ پاکستان میں ضیاء الحق نے دہشت گردی کا پودا لگایا اور اس پودے کا ایک حصہ آج حکومتی بنچوں میں بھی ہے۔ ماضی میں دنیا پاکستان کا ماڈل لے کر خوش ہوتی تھی مگر آج ہم سی پیک لے کر خوش ہورہے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو کو مسلم ممالک اپنا لیڈر سمجھتے تھے مگر آج چھوٹے چھوٹے ملک ہم کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ماضی میں پاکستان مسلم امہ کا لیڈر مانا جاتا تھا مگر آج ہمیں مسلمان ممالک ہی دھمکا رہے ہیں جس کی وجہ صرف یہ ہے کہ ہم پارلیمنٹ کو ا ہمیت نہیں د یتے۔ پارلیمنٹ کی کرسی کو اہمیت دینا بیس کروڑ عوام کو عزت دینے کے برابر ہے۔ اب الیکشن نزدیک آرہے ہیں تو وزیراعظم نواز شریف کو غریب عوام کا درد محسوس ہورہا ہے جو چار سال محسوس کیوں نہیں ہوا۔۔ غریب صرف ووٹ لینے کے وقت یاد آتا ہے۔ لیڈر وہ ہوتا ہے جو آگے ہو اور قوم اس کے پیچھے مگر آج قوم آگے ہے اور لیڈر ان کے پیچھے۔ پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل فیڈریشن ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ فیڈریشن کو مضبوط کرنے کی کوشش کی پیپلز پارٹی نے اپنے گزشتہ پانچ سال میں صوبوں کو اپنے حصے کے فنڈز کاٹ کر این ایف سی ایوارڈ دیا مگر موجودہ حکومت گزشتہ تین سال سے این ایف سی ایوارڈ دینے کو تیار نہیں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نوے دن کے اندر بلانا ضروری ہے مگر حکومت نے گزشتہ چار سال کے دوران مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس صرف چار دفعہ بلا کر آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس ایوان میں ہر سال صدر مملکت کی تقریر پر بحث ہوتی تھی مگر بدقسمتی سے اس سال وہ بحث بھی نہیں ہوسکی۔ حکومت فیڈریشن کو توڑنا اور تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ حکومت پاکستان کی دشمن بنی ہوئی ہے۔ سندھ 72فیصد گیس پیدا کرتا ہے مگر وفاق سندھ کو گیس دینے کو تیار نہیں۔ حکومت نے اپنے ارکان کے علاوہ صرف مولانا فضل الرحمن ‘ اکرم خان درانی اور بلوچستان میں دو ارکان کو گیس منصوبے دیئے ہیں۔ سندھ کو جو 72 فیصد گیس پیدا کرتا ہے ان کو گیس کے منصوبے نہیں دیئے جارہے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سال میں ارکان میں کوئی تقسیم نہیں کی اور بلا تفریق اپوزیشن اور حکومتی ارکان کو گیس کے منصوبے دیئے کیو نکہ پیپلز پارٹی پورے پاکستان کو اپنا سمجھتی ہے۔ ہم نے کسی کو یہ نہیں کہا کہ تم بلوچستان ‘ کے پی کے یا سندھ سے ہو کیونکہ ہم سب کو پاکستانی سمجھتے ہیں مگر حکومت چاہتی ہے کہ آدھا پاکستان بھوکا رہے کیونکہ وہ ان کا سیاسی مخالف ہے یہ جمہوریت نہیں ڈکٹیٹر شپ ہے وزیراعظم نواز شریف نے بینظیر بھٹو کی لاش پر کھڑے ہو کر کہا تھا کہ میں پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بناؤں گا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا کہ ملک میں جو بھی بڑا منصوبہ اٹھاؤ گے نیچے سے نواز شریف کا نام نکلے گا، آج بے نظیر بھٹو کی روح خوش ہوگی کہ نواز شریف نے ان سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا،نواز شریف کے ہر دور اقتدار میں ملک میں ترقی کا نیا سفر شروع ہوا،سی پیک سے دنیا کا فوکس پاکستان پر ہوا ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ اپوزیشن ہم پر کیچڑ اچھالتی رہے اور ہم خاموشی سے سنتے رہیں، حقائق پر پردہ پڑھا رہنے دیں تو اچھا ہے پردہ اٹھ گیا تو کچھ بھی نہیں بچے گا۔سید خورشید شاہ کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا بہت احترام کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا مگر اپوزیشن لیڈر نے کچھ ایسی باتیں کی ہیں جن کی وضاحت ضروری ہے۔ 1990 میں جب نواز شریف وزیراعظم بنے تو بینظیر بھٹو اور نواز شریف اکٹھے اس ایوان میں موجود تھے۔ دونوں کے درمیان سخت تناؤ تھا ایک دوسرے سے بات تک کرنا نہیں چاہتے تھے۔ اس ملک کی تاریخ دیکھی جائے تو ملک کی ترقی 1990 کے بعد شروع ہوئی ۔ پاکستان میں کسی بھی بڑے منصوبے کو اٹھائیں گے تو نیچے سے نواز شریف کا نام نکلے گا۔ 1990 میں جب موٹر وے بن رہی تھی تو اسی ایوان میں اپوزیشن کی جانب سے سخت تنقید کی جارہی تھی کہ یہ پیسے کا ضیاع ہے مگر وقت نے ثابت کیا کہ یہ منصوبہ ٹھیک تھا۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرتا گیا پھر 1993 میں نواز شریف وزیراعظم بنے تو ترقی کی نئی راہیں کھلیں۔ بھارت نے ایٹمی دھماکے کئے تو پاکستان پر دباؤ تھا کہ پاکستان دھماکے نہ کرے مگر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ میں ایک بہادر قوم کا لیڈر ہوں اور دھماکے کئے اور پاکستان کو دنیا کا ساتواں اور پہلا اسلامی ایٹمی ملک بنایا۔ پاکستان کے ایٹمی دھماکے کرنے پر دنیا بھر میں اسلامی ممالک نے خوشیاں منائیں اور مٹھائیاں بانٹیں۔ اس کے بعد میاں نواز شریف کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی اور ان کو اٹک قلعے میں پابند سلاسل کیا گیا اور انہیں جلا وطن کیا گیا۔ بینظیر بھٹو اور وزیراعظم نے جب جلا وطنی کاٹ لی تو لندن میں میثاق جمہوریت ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے بے نظیر بھٹو کی لاش پر کھڑے ہو کر جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کردکھایا۔ آج بینظیر بھٹو کی روح بھی خوش ہوگی کہ ان سے کئے گئے وعدے پورے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنی تو وزیراعظم نواز شریف نے گورنر ہاؤس سندھ میں ایک اہم اجلاس کیا اس اجلاس میں بڑے اہم فیصلے بھی کئے گئے اس سے قبل کراچی آگ میں جل رہا تھا کسی بھی صوبے میں امن و امان قائم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے مگر وفاق نے یہ ذمہ داری اٹھائی اور کراچی میں امن قائم کیا اور آج کراچی کی رونقیں بحال ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بننے کے بعد ایک مرتبہ پھر ترقی کا عمل شروع ہوا اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ تھی جو کم ہو کر تین سے چار گھنٹے رہ گئی ہے اور انشاء اﷲ 2018 میں ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کردیں گے۔ سی پیک کے منصوبے پاکستان میں لگ رہے ہیں جس سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی یہ کہنا کہ آج دنیا پاکستان سے دور ہورہی ہے غلط ہے سی پیک کی وجہ سے دنیا کا فوکس پاکستان پر ہوا ہے۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ اپوزیشن ہم پر کیچڑ اچھالتی رہے اور ہم خاموشی سے سنتے رہیں، اگر آپ ہمارے اوپر الزامات لگائیں گے تو ہم بھی جواب دیں گے۔حقائق پر پردہ پڑھا رہنے دیں تو اچھا ہے پردہ اٹھ گیا تو کچھ بھی نہیں بچے گا۔ اس حکومت نے دنیا میں پاکستان کو اعلیٰ مقام دلایا ہے۔ پاکستان ایسا ملک بننے جارہا ہے جو معاشی طور پر مستحکم ہوگا۔

قومی اسمبلی

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...