کراچی میں پر امن سیاست کو فروغ دے رہے ہیں، فاروق ستار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم کراچی کو امن کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں کیونکہ یہ شہر پاکستان کی اقتصادی ترقی کا انجن ہے اور جب انجن چلے گا تویہ ملک چلے گا، یہ ملک ہمارا گھر ہے اسی طرح کراچی بھی ہمارا گھرجس کی ترقی و خوشحالی ہماری اوولین ترجیح ہے اس لئے ہم اس شہر میں پر امن سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی میں ورلڈ اسپیچ ڈے کو موقع پر منعقد ہونے والے ایک تقریری مقابلہ میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد ایم اے جناح یونیورسٹی کی طلبہ کی ڈبیٹ سوسائیٹی نے اسپیک سمارگ پاکستان کے اشتراک سے کیا تھا جس میں کراچی کی یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلبہ نے ایک بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے آرگنائیزر آل پاکستان ڈبیٹ سوسائیٹی کے رہنما اور ماجو کے سابق طالب علم سیدّ راحیل اختر تھے۔ورلڈ اسپیچ ڈے کی مناسبت سے ہونے اس پروگرام کا تھیم دنیا کو ایک بہترین جگہ بنایا جائے تھا۔فاروق ستار نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب یونیورسٹی میں تقریر کرتے ہوئے بہت خوشی ہورہی ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ اس یونیورسٹی کے طلبہ قائید آعظم کی سوچ اور فکر کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک خوشحال اور ترقی پسند پاکستان بنانے کے ضمن میں ہر اوول دستہ ثابت ہونگے،یہ ملک ہمارے اباواجداد کی عظیم قربانیوں کی بنا پر وجود میں آیا تھا اور ہماری نوجواں نسل ہی اس ملک کو بانی پاکستان کے خوابوں کی تعبیر کے مطابق ایک فلاحی ریاست بنانے میں کامیاب رہے گی۔محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی میں ہونے والے اس تقریری مقابلہ میں طلبہ نے اردو اور انگریزی زبانوں میں مختلف موضوعات پر تقاریر کیں۔تقریب کے آرگنائیزر سیدّ راحیل اختر نے اس موقع پر کہا کہ آج کے دن ہم ان تمام مقررین کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے اپنے الفاظ اور اپنی سوچ کے ذریعے نوجوان طبقہ کی سوچ کو مثبت انداز میں بدل دیا۔پروگرام کے آخر میں پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔تقریب میں ممتاز سرمایہ کار بینکر میر محمد علی خان نے بھی شرکت کی۔