ریگی کو دنیا کا خوبصورت ترین ٹاؤن بنائیں گے :عنایت اللہ

ریگی کو دنیا کا خوبصورت ترین ٹاؤن بنائیں گے :عنایت اللہ

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے کہا ہے کہ ریگی ماڈل ٹاؤن میں دو ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع ہیں جن میں کارپٹ روڈ ،بجلی، پارکس، بونڈری وال، مسجد،شاپس اور گرین بلٹس وغیرہ شامل ہیں جبکہ گیس کی فراہمی کیلئے پہلے ہی سے 50کروڑ روپے جمع کئے جا چکے ہیں اور 31مارچ تک مزید 56کروڑ روپے جمع کئے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ریگی ماڈل ٹاؤن پشاور کے تفصیلی دورے کے دوران ریگی ماڈل ٹاؤن ریزیڈنٹس سوسائٹی کی تقریب حلف بردار ی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے سلیم حسن وٹو ،پرنٹ و الیکٹرانک میڈے کے نمائندے اور محکمہ بلدیات کے افسران و اہلکار اور ریگی ماڈل ٹاؤن کے رہائشی بھی موجود تھے۔سینئر وزیر بلدیات نے تھانہ ریگی سے ریگی ٹاؤن شپ کی اختتامی حد تک تمام تر ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور رہائشی پلاٹوں کے تیز تر تعمیری کام پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پہلے آنے والے ہیرہ سمجھے جائیں گے کیونکہ ہماری حکومت سے قبل ریگی للمہ واقعی صحرا بنجر اور ایک ویران جگہ تھی ہم نے اپنی تمام تر توانیائیاں استعمال میں لاتے ہوئے ریگی للمہ کو ترقی میں بدلا اور اس کا نکھرا ہوا چہرہ لوگوں کے سامنے لا کر کشادہ سڑکیں ،کناروں پر رنگ برنگے پھولوں کے پودے ،پارکس ،مساجد ،سٹورز، خوبصورت رہائشی پلاٹس اور 24گھنٹے بجلی کی موجودگی کو یقینی بنایا ہے ۔عنایت اﷲ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صوبائی حکومت ریگی ماڈل ٹاؤن میں لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات دے رہی ہے اور فیز ون ،تھری اور فور میں تعمیراتی کام کرنے میں اس وقت کوئی رکاؤٹ نہیں ہے اور آج ریگی میں 250سے زائد گھر تیار ہو چکے ہیں اور تیزی کے ساتھ مزید مکانات تعمیر ہورہے ہیں جبکہ دس سے زائد سرکاری محکموں نے یہاں اپنے دفاتر قائم کرنے کیلئے اقدمات شروع کئے ہیں۔انہوں نے پی ڈی اے حکام کوعوام کے ساتھ اس ضمن میں بھرپور تعاون کرنے کی ہدایت کی ۔سینئر وزیر بلدیات نے کہا کہ ریگی ماڈل ٹاؤن میں حیات آباد سے زیادہ وسعت رکھتا ہے اور توقع ہے کہ ریگی ماڈل ٹاؤن کا شمار عالمی سطح کے خوبصورت ترین ٹاؤنز میں ہو گا۔بعد ازاں انہوں نے ریگی ماڈل ٹاؤن ریزیڈنٹس سوسائٹی کی کابینہ سے حلف لیا اور اسے کامیابی پر مبارکباد دی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...