وزیر تعلیم کی تمام تعلیمی بورڈز کے چیئر مینوں کو طلبہ کو کھیلوں سہولیات بھی فراہم کرنے کی ہدایت

وزیر تعلیم کی تمام تعلیمی بورڈز کے چیئر مینوں کو طلبہ کو کھیلوں سہولیات بھی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخواکے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کو سختی سے کہا ہے کہ حسب ہدایت امتحانات کے شفاف انعقاد کے ساتھ ساتھ بورڈز کے اضافی اراضی پر طلبہ کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی عملی اقدامات اٹھائی جائیں کیونکہ طلبہ کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرنابھی ان کے مینڈیٹ میں شامل ہے انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی یا تساہل برداشت نہیں کی جائے گی ۔یہ ہدایات انہوں نے پشاور میں تعلیمی بورڈز کی جانب سے طلبہ کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ابتدائی وثانوی تعلیم ڈاکٹر شہزاد بنگش، ا سپیشل سیکرٹری قیصر عالم ،بورڈز کے چیئرمینوں وردیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس کو مختلف بورڈز کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات، امتحانی ہالوں پر اساتذہ کی ڈیوٹیوں، کیمروں کی تنصیب اور پنجم اسسمنٹ امتحان میں حصہ نہ لینے والے سکولوں کے خلاف کارروائی پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیااوراس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ہر قسم کی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر خالصتاً میرٹ پر بورڈ کے چیئرمینوں کی تعیناتی کی ہے اور امید ہے کہ وہ حکومت کی توقعات پر پورا اتریں گے اوراپنی بہتر صلاحیتوں سے اپنے متعلقہ بورڈز میں اصلاحات کراکر صاف و شفاف امتحانات کا انعقاد یقینی بنائیں گے اسی طرح حسب ہدایت کھیلوں کے فروغ کے لئے بھی ٹھوس اقدامات کریں گے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر ان کو سختی سے تلقین کی کہ وہ میٹرک کے امتحان میں اساتذہ کی میرٹ پر ڈیوٹیاں یقینی بنائیں، باربار ڈیوٹیاں لگانے والوں کی حوصلہ شکنی کریں اور بوٹی مافیا کے خلاف سخت ترین کارروائی کریں۔ انہوں نے پنجم اسسمنٹ امتحان میں حصہ نہ لینے والے سکولوں کو فوری طور پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومتی احکامات پرمن و عن عملدرآمد نہ کرنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں ہوگی ۔