تعلیم کی ترقی کے حوالے سے شہبازشریف کا نام سنہری حروف سے لکھا جائے گا،طالبات کی وزیراعلی کیلئے دعائیں

تعلیم کی ترقی کے حوالے سے شہبازشریف کا نام سنہری حروف سے لکھا جائے گا،طالبات ...

لاہور(جنرل رپورٹر) ’’خادم پنجاب زیور تعلیم پروگرام‘‘ کے اجراء کے موقع پر ایوان اقبال میں منعقدہ تقریب کے دوران خدمت کارڈ حاصل کرنے والی طالبات اور ایک طالبہ کی والدہ نے بھی اظہار خیا ل کیا۔گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول اوکاڑہ کی طالبہ حیا بتول نے بتایاکہ میرے والد بلدیہ میں ملازم تھے اور وہ کینسر کے باعث انتقال کرچکے ہیں ،ہم چار بہنیں اور ایک بھائی ہے۔میرے والد کے انتقال کے بعدخاندان کی تمام ترذمہ دار ی میری والدہ پر ہے، ہم سرکاری سکولوں میں پڑھتے ہیں لہذا فیس اور کتابوں کا کوئی مسئلہ نہیں ۔ میری ایک بہن کو خادم پنجاب اجالا پروگرام کے تحت سولر پینل ملا جبکہ ایک بہن کو لیپ ٹاپ ملا۔وزیراعلی شہبازشریف نے تعلیم کے شعبہ میں انقلاب آفریں اقدامات کئے ہیں اور تعلیم کی ترقی کے حوالے سے پنجاب کے وزیراعلی شہبازشریف کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔پہلے ہمیں 200روپے ماہانہ وظیفہ ملتا تھا جو اب وزیراعلی شہبازشریف نے ایک ہزار روپے کر دیا ہے ،ہمیں بڑی خوشی ہے، اس سے ہماری کئی ضرورتیں پوری ہوں گی اور غربت کسی کم وسیلہ خاندان کے بچے یابچی کے تعلیم کے حصول میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔میں وزیراعلی شہبازشریف کو مبارکباددیتی ہوں اوران کے لئے ہمیشہ دعا گوہوں۔خدمت کارڈ حاصل کرنے والی مصطفی آباد، قصور کی رہائشی ایک طالبہ کی والدہ طاہرہ یاسمین نے بتایاکہ میری آمدن بہت کم ہے جس سے گھر کاخرچہ بہ مشکل چلتا ہے ۔میری بچیاں گورنمنٹ ہائی سیکنڈری سکول میں تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ ماہانہ وظیفہ 200روپے سے بڑھا کر ایک ہزار کرنے پر وزیراعلی شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ میری ایک بچی نے خادم پنجاب اجالا پروگرام کے تحت سولر پینل حاصل کیا جو ابھی تک میرے گھر کو روشن رکھے ہوئے ہیں جبکہ میری ایک بچی کو پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے تحت وظیفہ ملا اوراس نے اچھے نمبروں میں ایف ایس سی پاس کی۔انہوں نے کہاکہ میرا دل بھی کرتا ہے کہ میرے بچے اچھے سکولوں میں پڑھیں۔ شہبازشریف کا دل غریب آدمی کے لئے دھڑکتا ہے اور ہم ان کی غریب پروری پر ان کے شکر گزار ہیں۔ اللہ تعالی کو بھی غریب پروری پسند ہے

طالبات

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...