تحفظ صارف قانون میں صارفین کو بااختیار بنایاگیا،عدنان کریم

تحفظ صارف قانون میں صارفین کو بااختیار بنایاگیا،عدنان کریم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (نیوز رپورٹر)عالمی یوم تحفظ صارفین کے موقع پرضلعی تحفظ صارف کونسل راولپنڈی کے تحت جاگ صارف جاگ کے موضوع پر سیمینار کا انعقادکیا گیا جس میں سول سوسائٹی ، وکلاء ، تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل و سیکرٹری ضلعی تحفظ صارف کونسل راولپنڈی عدنان کریم قریشی نے کہا کہ پنجاب تحفظ صارف قانون میں صارفین کو بااختیار بنایا گیا ہے جس کے تحت وہ ناقص غیرمعیاری اشیاء کے خلاف پنجاب حکومت کے ان فعال اداروں سے رابطہ کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اشیاء پر تاریخ تیاری و اختتام اجزائے ترکیبی درج نہ ہونے پر راولپنڈی ضلع میں پچیس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاچکا ہے جبکہ جعلی و غیر معیاری اشیاء خصوصاََ جعلی کاسمیٹکس فروخت کرنے والوں کے خلاف تحفظ صارف کونسل نے گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا ہے انہوں نے شرکا ء اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کے خلاف کنزیومر کونسل کو معلومات دیں جو انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے سلیم ممتاز نے کہا کہ پندرہ مارچ کا دن ایفائے عہد کا دن ہے حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ ہمیں بطور شہری اور صارف فعال ہونا پڑے گا جبکہ تک ہم اپنے حقوق کی آواز نہیں اٹھائیں گئے اس وقت تک اپنے حقوق حاصل نہیں کیے جاسکتے ۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے اپیل کی ضلعی صارف عدالت میں چار ماہ سے جج کی تعیناتی نہیں ہوئی جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے فوری جج تعینات کیا جائے تا کہ صارفین کو انکے حقوق کی فراہمی میں دقت نہ ہو ممبر ضلعی تحفظ صارف کونسل ملک ایوب سنبل نے کہا کہ اسلام نے صارفین کو سب سے زیادہ حقوق دیے ہیں جبکہ ہم مسلم معاشرے میں رہتے ہوئے بھی صارفین کی پامالی دیکھتے ہیں ایسے میں ضلعی تحفظ صارف کونسل جیسے ادارے نعمت سے کم نہیں ہیں جو لوگوں کو انکے حقوق دلوانے میں فعال کردار ادا کررہے ہیں۔