پاکستان نرسنگ کونسل نے آن لائن رجسٹریشن کے بعد پری رجسٹریشن کو بھی آن لائن کر دیا
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کی ہدایت پر پاکستان نرسنگ کونسل نے ایک اور انقلابی اقدام اٹھایا ہے ۔ نرسنگ سکولوں اورکالجوں میں داخلہ لینے والے طلباء اور طالبات کی پری رجسٹریشن کو آن لائن کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق 500 سے زائد نرسنگ سکولوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات کو ڈگری، ڈپلومہ ملنے سے پہلے ان کا ریکارڈ محفوظ کر لیا جائے گا۔ صدر پاکستان نرسنگ کونسل نے کہا اس اقدام سے سکولوں اور کالجوں کو پاکستان نرسنگ کونسل کی طرف سے مختص کی گئی سیٹیں و کوٹہ بمطابق کورسز چیک کرنے میں بھی آسانی ہو گی۔ اس سے بوگس یا غیر رجسٹرڈ نرسنگ سکولوں اور کالجوں کا بروقت قلع قمع بھی ممکن ہو سکے گا۔ کورسز مکمل کرنے کے بعد نرسز پروفیشنلز کو رجسٹریشن کارڈ کے حصول میں بھی آسانی ہو سکے گی۔ اس سلسلے میں پاکستان نرسنگ کونسل نے سکولوں اور کالجوں کے نامزد کردہ لوگوں کی مرحلہ واا تربیت کے سلسلے کا آغاز کر دیا ہے۔ آنے والے تین یا چار ماہ تک یہ تربیتی سلسلہ مکمل ہو جائے گا۔