52ممالک کا سی پیک میں شمولیت کیلئے رابطہ ،محفوظ فیصلے پر تبصرہ عدالتی احترام میں خلل،تمام توجہ تعمیر و ترقی پر ہے :وزیراعظم

52ممالک کا سی پیک میں شمولیت کیلئے رابطہ ،محفوظ فیصلے پر تبصرہ عدالتی احترام ...

گوادر(مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی،آن لائن ) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے میں شمولیت کیلئے 52 ممالک نے رابطہ کیا ہے ،ہماری تمام تر توجہ ترقی کے منصوبوں پر مرکوز ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کا گوادر میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گوادرکی ترقی کیلئے 25 ارب روپے کے ماسٹرپلان کی منظوری دیدی گئی ہے۔ گودار،پسنی سمیت بلوچستان کے علاقوں میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محفوظ عدالتی فیصلے پرقیاس آرائی،تبصرہ یاپیش بینی عدالتی احترام میں خلل ہے اورمیرا اس پرتبصرہ کرنا نہیں بنتا۔واضح رہے کہ وزیراعظم نے پسنی سے گوادر تک 150کلومیٹربذریعہ سڑک سفرکیا اور سڑک کی تعمیر کے معیار کی بھی تعریف کی۔اس موقع پر گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیراعظم کو ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی ۔دوسری طرف وزیراعظم نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ، وفاقی وزراء احسن ا قبال، خواجہ سعد رفیق، ریٹائرد لیفٹیننٹ جنرل عبدالقادر بلوچ، میر حاصل خان بزنجو، صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان شعیب میر، آئی جی پولیس احسن محبوب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات)، چےئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی، چےئرمین گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر سجاد حسین نے اجلاس کو گوادر میں پانی کی فراہمی، بجلی، سڑکوں کی تعمیر، حصول اراضیاسپیشل اکنامک زون اور جی ڈی اے کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلاً آگاہ کیااجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت بلوچستان کی ترقی، انفراسٹرکچرکی بہتری ، توانائی ، طبی سہولیات اور لوگوں کی سماجی ، معاشی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں مقامی لوگوں کو اولین ترجیح دی جائے ۔ وزیراعظم نے جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے سیکورٹی قدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیاانہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ سی پیک کا گیٹ وے ہے جس سے بلوچستان کے لوگوں کی قسمت بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ایکسپریس وے ، گوادر انٹر نیشنل ائرپورٹ ، گوادر فری زون اور بزنس کمپلیکس ، گوادر کو سرمایہ کاروں کیلئے مزید پرکشش بنائیں گے ۔ انہوں نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو ان کے قانونی اور انتظامی تقاضوں کے مطابق وقت مقررہ پر مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کی بھرپور تائید کرتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ صوبے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے نہ صرف مقررہ وقت پر مکمل ہوں گے بلکہ صوبائی حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان میں انقلابی ترقی آئے گی جس سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی قسمت بدل جائے گی۔

نواز شریف

مزید : ملتان صفحہ اول


loading...