ہر ضلع میں گندم کے ذخیرے کیلئے گودام تعمیر کرینگے ،قلندر لودھی

ہر ضلع میں گندم کے ذخیرے کیلئے گودام تعمیر کرینگے ،قلندر لودھی

پشاور(سٹاف رپورٹر )صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک صوبہ کے ہر ضلع میں گندم کے مناسب ذخیرے کو یقینی بنانے کے لیے گودام تعمیر کر رہی ہے اور ضلع بنوں میں نارحافظ آباد کے مقام پر غلے کے گوداموں کی تعمیر کی تکمیل اس سلسلے کی ایک کڑی ہے . ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز انہوں نے نار حافظ آباد ضلع بنوں میں 1.55 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیے جانے والے 6 گوداموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا . سیکرٹری محکمہ خوراک خیبر پختونخوا عصمت اللہ خان گنڈا پور ، ڈویژنل اسسٹنٹ ڈائریکٹر خوراک بنوں اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر بنوں گلزرین شاہ اس موقع پر موجود تھے . صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ بنوں میں ایک سو کنال پر محیط تعمیر کیے جانے والے ان گوداموں سے خوراک کا بہتر ذخیرہ کرنے میں مدد ملے گی . انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ صوبائی حکومت لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے اور زندگی کی بنیادی ضروریات و سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لار ہی ہے اور پسماندہ اور ماضی میں نظر انداز کیے گئے علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں . صوبائی وزیر خوراک نے اس موقع پر تختی کی نقاب کشائی کرکے مکمل کیے گئے گوداموں کا افتتاح کیا . وہ محکمہ خوراک کے گوداموں کے مختلف حصوں میں گئے اور ان کی تعمیر کے معیار کا جائزہ لیا . انہیں اس موقع پر بتایا گیا کہ ان گوداموں میں 6 ہزار ٹن خوراک ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے . سیکرٹری خوراک خیبر پختونخوا عصمت اللہ خان گنڈاپور نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عوام کی بہتری کے لیے محکمہ خوراک کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا.

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...