مراکش کے وزیراعظم کو عہدے سے برطرف کردیاگیا

مراکش کے وزیراعظم کو عہدے سے برطرف کردیاگیا
مراکش کے وزیراعظم کو عہدے سے برطرف کردیاگیا

  


رباط(آئی این پی)افریقا کے عرب مسلمان ملک مراکش کے فرمانروا شاہ محمد ششم نے وسیع تراختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اسلام پسند انصاف و ترقی پارٹی کے عبدالالہ بن کیران کو وزارت عظمیٰ سےبرطرف کرنے کےبعد ان کی جگہ نیا وزیراعظم منتخب کرلیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق7 اکتوبر 2016 کو مراکش میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں اسلام پسند مذہبی سیاسی جماعت انصاف وترقی نے زیادہ سیٹیں جیت کر حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا تاہم سیاسی جماعتوں کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کےباعث حکومت جمود کا شکار تھی۔الرباط میں شاہی دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمد ششم عبدالالہ بن کیران کی جگہ ایک دوسرے رہ نما کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سونپ رہے ہیں۔ آخری اطلاعات تک نئے وزیراعظم کا نام سامنے نہیں آیا تاہم شاہی بیان میں کہا گیا ہے کہ باد شاہ سلامت جلد ہی مجوزہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور انہیں کابینہ تشکیل دینے کی دعوت دیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمد ششم نے دستوری اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ملک وقوم کے مفاد میں کیا گیا۔شاہ محمد ششم کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پچھلے چھ ماہ سے حکومت کی تشکیل کی تمام کوششیں ناکام رہی ہیں۔ حکومت کی تشکیل میں طویل بحران کے بعد اس جمود کو ختم کرنے کے لیے کسی اہم بریک تھرو کی ضرورت تھی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ برس پارلیمانی انتخابات کے سرکاری نتائج آنے کے48 گھنٹے کے اندر اندر عبدالالہ بن کیران کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی گئی تھی مگر وہ نئی کابینہ تشکیل دینے میں ناکام رہے۔

شاہ محمد ششم کی طرف سے یہ فیصلہ یک دم نہیں کیا گیا بلکہ انہوں نے حکومت کی تشکیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عبدالالہ بن کیران اور دیگر رہنمائوں  سے متعدد بار صلاح مشورہ بھی کیا مگر بن کیران نئی حکومت تشکیل دینے میں ناکام رہے تھے۔

مزید : بین الاقوامی


loading...