مال روڈ دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت، مزید چار سہولت کار گرفتار
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مال روڈ دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت، انسدادِ دہشتگردی فورس نے دھماکے کے مزید چار سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مال روڈ دھماکے کے گرفتار سہولت کار انوارالحق کی نشاندہی پر دھماکے کے چارمزید سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان کو دربار شاہ محمد غوث کے قریب سرکلر روڈ سے گرفتار کیا گیا ہے ، ملزمان کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، بارودی مواد اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں عرفان ، سلطان محمد، امام شاہ اور عبداللہ شامل ہیں ، گرفتار کیے گئے چاروں ملزمان کا تعلق مہمند ایجنسی سے ہے۔
لاہور خود کش حملہ ،سیکیورٹی اداروں کو اہم کامیابی مل گئی ،سہولت کا ر گرفتار
واضح رہے کہ 13 فروری کو لاہور کے مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے دوا سازوں کے احتجاج کے دوران ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔ اس حملے میں 20 افراد شہید جبکہ 80 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے خود کش حملے کے بعد چند روز کے اندر ہی لنڈا بازار سے دھماکے کے سہولت کار انوار الحق کو گرفتار کیا گیا تھا۔