اورنج لائن ٹرین منصوبے کے بجٹ ،قرضہ جات اور دیگر تفصیلات کی فراہمی کے لئے انفارمیشن کمشنر کو خط لکھ دیا گیا
لاہور(نامہ نگارخصوصی)اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تفصیلات ، اضافی بجٹ مختص کرنے اور قرضہ جات کی تفصیلات منظر عام پر لانے کے لئے چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب کو خط لکھ دیا گیا۔
یہ خط جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی طرف سے لکھا گیا ہے،خط میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے،پنجاب حکومت نے ابھی تک اورنج ٹرین منصوبے پر آنے والی اصل لاگت کی تفصیلات فراہم نہیں کی،پنجاب انفارمیشن ایکٹ کے تحت معلومات کی فراہمی حکومت اور انفارمیشن کمشنر کی قانونی ذمہ داری ہے، اورنج ٹرین منصوبے پرمجوزہ لاگت سے کہیں زیادہ فنڈز ریلیز کئے جانے کا خدشہ ہے،عوامی پیسے کے استعمال سے متعلق اصل حقائق جاننا شہریوں کا بنیادی حق ہے، اورنج لائن منصوبے کوبروقت مکمل نہ ہونے کا جواز بناءکر چیک اینڈ بیلنس کے بغیر مزید فنڈز ریلیز کیا جانا قانون کی منشاءکے خلاف ہے،خط میں مزید کہا گیا ہے کہ منصوبے پر آنے والی لاگت، اخراجات، جاری کردہ فنڈز اور قرضہ جات کی تفصیلات فراہم کرکئے جائیں ورنہ قانونی چارہ جوئی کے لئے عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا۔