رواں سال تین لاکھ 75 ہزار سے زائد ریکارڈ حج درخواستیں موصول ہوئیں:وفاقی وزیر مذہبی امور
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ رواں سال تین لاکھ 75 ہزار سے زائد ریکارڈ حج درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ سرکاری کوٹہ ایک لاکھ 7ہزار تھا ، ہماری کوشش ہے کہ جن لوگوں کو پہلے حج کا موقع نہیں ملا ان کو حج کے لیے رسائی دی جائے ۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کے خلاف مسلسل سازشیں ہوتی رہیں لیکن کامیاب نہیں ہوسکیں، ہرمکتبہ فکر کے لوگ اگر اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تو کامیابی ہوتی ہے لیکن اگر مداخلت ہوتو پھر درست سمت چلنے والا سسٹم ابتری کا شکار ہوجاتا ہے۔انکا کہنا تھا کہ صحافی جمہوریت کیلئے آواز اٹھاتے رہے ہیں جس سے ملک میں ترقی ہوئی، صحافی عوام کے ترجمان ہوتے ہیں ان کی آنکھ کان اور منہ کھلے ہوتے ہیں، پاکستان میں جمہوری نظام کی مضبوطی میں صحافی برادری کا بہت بڑا کردار ہے ،ملک میں اس وقت جمہوریت کا تسلسل جاری ہے،15 سالوں سے جمہوری قوتیں برسر اقتدار ہیں جس کے نتیجے میں ملک مضبوط ہو رہا ہے ،اگر ہر کوئی اپنی ذمہ محسوس کرے تو سسٹم بہتر انداز میں چل سکتا ہے، اس کے لیے میڈیا کا کردار سب سے اہم ہے،معاشرے کو اصلاح کی ضرورت ہے جس کی کوششیں جاری ہیں اس طرح ملک بھی مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے منتخب افراد ملک میں جمہوریت کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔