پی ایس ایل کھلاڑیوں کی نیلامی اور ود ہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی، ایف بی آر نے پی سی بی سے تفصیلات طلب کرلیں
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) دبئی اور شارجہ کے میدانوں میں کھیلے جانے والے’’ پاکستان سپر لیگ سیزن تھری ‘‘ نے جہاں ملک بھر میں شائقین کو ’’کرکٹ بخار‘‘ میں مبتلا کیا ہوا ہے جبکہ لاہور میں سیمی فائنل اور کراچی میں فائنل مقابلوں کا بڑی بے چینی سے انتظار کیا جا رہا ہے تو وہیں پر اہم خبر بھی سامنے آگئی ہے،پی ایس ایل میں شامل 6ٹیموں کے مالکان کے ٹیکس معمالات اور کھلاڑیوں کی نیلامی میں ٹیکس کٹوتی کا جائزہ لینے کے لئے ایف بی آر نے بھی میدان میں آتے ہوئے تحقیقات شروع کر دیں ہیں ۔
نجی ٹی وی چینل ’’سٹی فورٹی 2‘‘ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایف بی آر ریجنل ٹیکس آفس ٹو نے پاکستان سپرلیگ کے ٹیکس معاملات کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہو ئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کھلاڑیوں کی نیلامی کی تفصیلات طلب کرلی ہیں ۔ایف بی آر حکام پاکستان سپر لیگ کی تمام ٹیموں کے مالکان کے ٹیکس معاملات کا بھی جائزہ لیں گے اور حکام نے پی سی بی سے کھلاڑیوں کو ٹیم مالکان کی طرف سے کی گئی ادائیگیوں پر ودہولڈنگ ٹیکس کٹوتی کا جائزہ لینے کیلئے نیلامی کی دستاویزات طلب کرلی ہیں۔ایف بی آر لاہور قلندر، ملتان سلطان، پشاور زلمی، کراچی کنگ، کوئٹہ گلیڈی ایٹر، اسلام آباد یونائٹیڈ کے مالکان کے ودہولڈنگ ٹیکس کا بھی جائزہ لے گا۔