خٰبر پختونخوا حکومت نے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ میں جدت لانے کے لئے پنجاب سے مدد مانگ لی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب میں دہشت گردی کی بیخ کنی کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے ڈیڑھ سال قبل بنائے گئے سی ڈی آر سسٹم سے جہاں دہشت گردی پر خاطر خواہ قابو پانے میں مدد ملی ہے وہیں پر خیبر پختونخواحکومت نے بھی اپنے صوبے میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) میں جدت لانے کے لئے پنجاب حکومت سے مدد مانگ لی ہے،وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کو فوری کے پی کے حکومت کو مدد فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے پنجاب حکومت سے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کی جدت کے لیے مدد مانگی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کو فوری مدد فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے, پنجاب حکومت کا سی ڈی آر سسٹم موبائل فون اور رابطوں کے دیگر ذرائع کے تجزیات ، دہشت گردی اور خطرناک جرائم کی تحقیق میں کار آمد ثابت ہو رہا ہے۔ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھاکہ اس سسٹم کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخواہ حکومت نے مدد کی اپیل کی ہے جبکہ پنجاب حکومت سی ڈی آر نظام ڈیڑھ سال قبل ہی بنا چکی ہے۔