بھارت میں ’پب جی‘ پر پابندی، چھپ کر کھیلنے والے 16 نوجوان گرفتار، پھر ان کے ساتھ کیا ہوا؟ خبر آگئی

بھارت میں ’پب جی‘ پر پابندی، چھپ کر کھیلنے والے 16 نوجوان گرفتار، پھر ان کے ...
بھارت میں ’پب جی‘ پر پابندی، چھپ کر کھیلنے والے 16 نوجوان گرفتار، پھر ان کے ساتھ کیا ہوا؟ خبر آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گاندھی نگر (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست گجرات میں معروف گیم ’PUBG‘ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ حکام نے اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 16 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا جنہیں بعد میں چھوڑ دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک ہفتہ قبل ریاست گجرات میں پب جی اور مومو چیلنج گیم پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ پب جی اور مومو چیلنج جیسے گیمز بچوں میں تشدد اورخود کشی کے رجحانات کو پروان چڑھا رہے ہیں ۔ ریاست میں پابندی عائد ہونے کے باوجود بعض لوگ یہ گیم کھیلتے پائے گئے۔
بدھ کے روز پولیس نے احمد آباد میں ایک جگہ چھاپہ مار کر 10 یونیورسٹی طالبعلموں کو گرفتار کرلیا جنہیں بعد میں ضمانت پر چھوڑ دیا گیا۔ نوجوانوں کو گرفتار کرنے والے پولیس افسر روہت راول نے انڈین ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب پولیس نے چھاپہ مارا تو نوجوان پب جی کھیلنے میں اتنے مگن تھے کہ انہیں پولیس کے آنے کا ذرا بھی احساس نہیں ہوا۔
علاوہ ازیں جمعرات کے روز بھی گجرات پولیس نے راجکوٹ شہر میں کارروائی کرکے پب جی گیم کھیلنے والے 18 سے 22 برس کی عمر کے 6 نوجوانوں کو گرفتار کیا جنہیں بعد میں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ نوجوانوں کو ملاویا نگر پولیس کی ٹیم نے اٹیتھی چوک کے قریب ایک پان شاپ سے گرفتار کیا تھا۔
خیال رہے کہ پب جی سمارٹ فون ویڈیو گیم کو دنیا بھر سے اب تک 100 ملین سے زائد لوگ ڈاﺅن لوڈ کرچکے ہیں، گجرات وہ پہلی بھارتی ریاست ہے جس میں اس گیم پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انڈیا کی دوسری ریاستوں میں بھی اس گیم کے حوالے سے تشویش پائی جارہی ہے، ایک وزیر نے گزشتہ ماہ پب جی گیم کو ’ ہر گھر میں موجود شیطان‘ قرار دیا تھا۔