پی سی بی نے سیمی فائنل، کراچی میں کرانے کا مطالبہ مسترد کر دیا

        پی سی بی نے سیمی فائنل، کراچی میں کرانے کا مطالبہ مسترد کر دیا

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل کی بعض فرنچائزز نے سیمی فائنل اور فائنل کراچی میں ہی کرا نے کا مطالبہ کردیا۔ پی سی بی نے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے پلے آف میچز کو سیمی فائنل میں تبدیل کر دیا،ایونٹ کا دورانیہ اب چار دن کم جبکہ میچز کی مجموعی تعداد34 کے بجائے 33 رہ گئی ہے، تینوں ناک آوٹ میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہونے ہیں، سیمی فائنلز 17 جبکہ فائنل 18مارچ کو ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ بعض فرنچائزز لاہور جانے سے خوش نہیں ہیں، ان کا موقف ہے کہ چار ٹیمیں کراچی میں موجود تو بقیہ تمام میچز یہیں کرا دیے جائیں، اگر ضرورت پڑے تو باقی دونوں ٹیموں کو یہاں بلا لیں، اس طرح سفری اخراجات کم ہو جائیں گے، البتہ بورڈ نے اس تجویز کو منظور نہیں کیا، فرنچائز اونرز کے گروپ میں اس حوالے سے گرماگرم بحث جاری تھی۔ایک موقع پر ووٹنگ کرائی گئی جو3-3سے برابر رہی، اس پر بورڈ حکام نے لاہور میں ہی میچز کرانے کا فیصلہ برقرار رکھا مگر واضح طور پر تین فرنچائزز اس سے ناخوش دکھائی دیں۔اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ دونوں سیمی فائنلز اور فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے، ہمارا اب شیڈول میں مزیدکسی تبدیلی کاکوئی ارادہ نہیں ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -