کرونا کے ڈر سے دینی مراکز بند کرنا عذاب الٰہی کو دعوت دینا ہے

  کرونا کے ڈر سے دینی مراکز بند کرنا عذاب الٰہی کو دعوت دینا ہے

  

لاہور (نمائندہ خصوصی)عالمی آفت ”کرونا“ کے بارے میں گفتگو تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامعہ رضویہ محلہ نبی پورہ میں ختم مشکوٰہ شریف اور دستارِ فضیلت کے موقع پر عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع کی صدارت شیخ الحدیث مفتی محمد راشد علی رضوی نے کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے عالمی آفت ”کرونا“ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی پابندیاں کہ جن کے نتیجے میں مسجدیں سنسنان اور دینی مراکز ویران ہو جائیں عذاب الہٰی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ بیماری سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کا اہتمام کرنا یقینا سنت رسول ہے مگر ان احتیاطی تدابیر کی حدود اور دائرہ کار بھی ہے۔ جمعے اور جماعات پر پابندی لگانے میں ہرگز خیر کا کوئی پہلو نہیں ہے۔ سرکاری اہل کار اور بعض مفتیان کرام جس قدر احتیاطی تدابیر بتا رہے ہیں۔ ان احتیاطی تدابیر پر عمل کے لیے تو ہر کسی کو فارغ رکھنے کے ساتھ اس کے اور اس کے اہل وعیال کے اخراجات بھی اٹھانے پڑیں گے۔

جب کہ اس سہولت کی طرف کسی کا دھیان نہیں اور نہ ہی حکومت کی طرف سے ایسے تعاون کے کوئی امکانات نظر آرہے ہیں۔ بھوک کا حملہ تو کرونا سے زبردست ہے، چنانچہ احتیاطی تدابیر اس حد تک رکھی جائیں جہاں تک یہ خطرناک صورتحال اختیار نہ کریں۔ شریعت نے بیماریوں سے بچاؤ کے لیے جہاں پرہیز اور دوا کا حکم دیا ہے وہاں دعا کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ دعاؤں کی قبولیت کے سلسلہ میں ہمارے دین میں اجتماعی دعاؤں کا خصوصی طور پر حکم دیا گیا ہے لہٰذا دعاؤں کی قبولیت کے مقامات، مذہبی اجتماعات نیز جمعہ اور جماعات کو کرونا سے بچاؤ کے لیے ضروری سمجھا جائے۔ احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کی جائیں مگر ایک مومن اور کافر کا موت کے لحاظ سے جو عقید ہ اور تقدیر پر یقین ہے اس کا فرق واضح رہنا چاہیے۔ المیہ یہ ہے کہ کرونا وائرس کا رونا رونے میں مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان تفاوت نظر نہیں آرہا۔ درایں اثناء تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک و سلم کے میڈیا ایڈوائزر مولانا محمد جمیل بیگ جلالی نے کہا: قرآن و سنت کی روشنی میں عالمی آفت ”کرونا“ سے نمٹنے کے لیے احتیاطی اقدامات کے سلسلہ میں 16مارچ بروز پیر کو بعد از نماز عشاء مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں ”اینٹی کروناسیمینار“ کیا جائے گا جس میں ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ”کرونا وائرس اور ہمارے فریاد رس“ کے موضوع پر تحقیقی مقالہ پیش کریں گے۔

مفتی محمد ارشد

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -