جنرل ہسپتال میں کرونا سے بچاؤ کی مہم زور و شور سے جاری

جنرل ہسپتال میں کرونا سے بچاؤ کی مہم زور و شور سے جاری

  

لاہور(پ ر)جنرل ہسپتال میں کرونا وائرس کے تدارک،عوام میں شعور بیدار کرنے اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اتوار کے روز بھی طبی ماہرین اور انتظامی عملہ متحرک رہا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین کی زیر نگرانی تمام شعبوں میں ہائی الرٹ رکھتے ہوئے صفائی ستھرائی اور سپرے کے لیے خصوصی کاروائیاں کی گئیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ایس کا کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر کرونا وائرس سے بچاؤکی آگاہی مہم چلانے کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہے انہوں نے بتایا کہ ایل جی ایچ میں کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے آئسولیشن وارڈ فیز IIIمیں ہونے کے باعث دیگر وارڈز سے علیحدہ اور محفوظ ہے۔

جبکہ اس وارڈ میں ڈیوٹی ڈاکٹروں،نرسسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے علاوہ کسی اور کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کے مشتبہ افراد کومحکمہ صحت کے جاری کردہ ایس او پیز کی روشنی میں تشخیصی اور طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں جبکہ ہسپتال کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لئے بائیو میٹرک حاضری پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ کرونا وائرس ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ان ایام میں ہاتھ ملانے اور بغل گیر ہوئے بغیر اسلام و علیکم کہنے کو رواج دینا چاہیے اور گھروں میں بھی اس مرض کا راستہ روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی کوشش کرنا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جنرل ہسپتال میں کرونا وائرس کے خلاف کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔ڈاکٹرز،نرسسز اور پیرا میڈیکل سٹاف ہر وقت چوکس اور تیار ہو گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -