پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ میں 30بستروں پر مشتمل کرونا کیئر سینٹر قائم

  پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ میں 30بستروں پر مشتمل کرونا ...

  



لاہور(خصوصی رپورٹ)بزدار حکومت نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں کورونا کیئر سینٹر قائم کردیاہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آج تعطیل کے باوجود کورونا کیئر سینٹر کا اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کیئر سینٹر میں ممکنہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کیے جانے والے پیشگی انتظامات کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کیئر سینٹرمیں بیڈز کی دستیابی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا کے ممکنہ مریضوں کیلئے تمام ترضروری اقدامات کیے ہیں اورپی کے ایل آئی میں 30بستروں پر مشتمل کورونا کیئر سینٹرکا قیام پیشگی انتظامات کے سلسلے کی کڑی ہے اور کورونا کیئر سینٹرمیں آؤٹ ڈوراوران ڈورمریضوں کیلئے بہترین انتظامات کا مشاہدہ کیا ہے جبکہ ممکنہ مریضوں کیلئے پی کے ایل آئی میں بھی تین فلورمختص کردیئے گئے ہیں اورپی کے ایل آئی کے تین فلورز پر بیڈزکی تعداد75ہے۔انہوں نے کہاکہ پی کے ایل آئی میں ضرورت پڑنے پر مزید500 بیڈز کی گنجائش موجود ہے۔کوروناسے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر بہترین حکمت عملی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں۔کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے جاری ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کوروناکے ممکنہ مریضوں کیلئے دستیاب طبی سہولتوں اورعلاج معالجے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،چیف سیکرٹری، سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئرو میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر،سیکرٹری اطلاعات اورپی کے ایل آئی کے سینئر ڈاکٹرزبھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ دیگر صوبوں سے پنجاب آنے والے زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیں اوردیگر صوبوں سے پنجاب آنے والے زائرین کی مکمل دیکھ بھال کی جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی اورضلعی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ زائرین کی دیکھ بھال میں کوئی کسراٹھانہ رکھے۔ کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے امورکی خود نگرانی کریں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزیدکہا کہ زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول