جنرل ہسپتال سے کرونا کے 2مریض غائب، ایم ایس سیٹ پر موجود

        جنرل ہسپتال سے کرونا کے 2مریض غائب، ایم ایس سیٹ پر موجود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جاویداقبال) دبئی سے لاہور آنے والے کرونا وائرس میں مبتلا چار میں سے دو مریض آسمان کھا گیا یا زمین نگل گئی،ہسپتال انتظامیہ نے تین میں سے دو کرونا مریض غائب قراردے دیئے،جنرل ہسپتال کے ریکارڈ کے مطابق کل تین مریض پی آئی اے انتظامیہ نے داخل کرائے جن میں سے ذیشان تو موجود ہے تاہم 2 رات گئے غائب ہوگئے۔ہفتہ کے روز لاہور ایئرپورٹ سے پی آئی اے انتظامیہ چار مریض لائی۔ ایک 32 سالہ مریضہ کو سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی داخل کرایا گیا جبکہ باقی تین مریضوں کی خواہش پر جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی میں داخل کرایا گیا۔ مریضوں کو لانے والے پی آئی اے اہلکاروں نے سروسز اور لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ کو بتایا کے یہ مریض پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے دبئی سے لاہور پہنچے ہیں۔ جب دبئی ایئرپورٹ پر ان مسافروں کو پی آئی اے کے حوالے کیا گیا تو دبئی منسٹری آف ہیلتھ نے بتایا کے یہ چاروں مسافرکرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریض ہیں لہٰذا ان کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا جائے۔بتایا گیا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال میں 27سالہ ذیشان ولد عبدالغفور سمیت تینوں مریض دو سے تین گھنٹے تک بے یارومددگار پڑے رہے۔ بعد ازاں انہیں وارڈ میں منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دو مریض رات گئے ہسپتال انتظامیہ کے نامناسب رویہ کے باعث اپنے ریکارڈ سمیت غائب ہوگئے جن کو ہسپتال انتظامیہ نے اپنے کاغذوں میں غائب قرار دیدیا جبکہ ذیشان ابھی بھی آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہے۔اس سلسلے میں ہسپتال کے ایم ایس سے بات کی گئی تو ڈاکٹر صلاح الدین نے کہا کہ تین مریض آئے تھے دو اپنی مرضی سے رات گئے ہسپتال چھوڑ گئے اور جاتے ہوئے اپنا ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے اور ہمیں ان کے بارے میں کوئی پتا نہیں کہ وہ کہاں کے رہنے والے تھے۔
کرونا مریض غائب

مزید :

صفحہ اول -