کراچی لاک ڈاؤن نہیں کیا، احتیاطی تدابیر کیں، افواہیں پھیلانے والوں کی گرفتاری کا حکم

کراچی لاک ڈاؤن نہیں کیا، احتیاطی تدابیر کیں، افواہیں پھیلانے والوں کی ...

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں لاک ڈاؤن کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے افواہیں پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان وزیراعلی ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایات کی ہے کہ وہ ایف آئی اے کو فوری خط لکھیں اور لاک ڈاؤن کی افواہیں پھیلانے والے عناصر کے خلاف سائبر کرائم کے تحت مقدمات درج کرنے کا کہیں کیونکہ ملک دشمن عناصر خوف پھیلانے کے لیے افواہیں پھیلا رہے ہیں، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بلاوجہ سنسنی اور خوف نہ پھیلایا جائے، حکومت کے اب تک اْٹھائے گئے اقدامات صرف احتیاطی تدابیر کے طور پر لئے گئے ہیں لہٰذا اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔ کراچی میں لاک ڈاؤن سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں صداقت نہیں، افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام اطمینان رکھیں، صوبائی حکومت تمام مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ کچھ عناصر سوشل میڈیا پر راشن اکٹھا کرنے کا کہہ رہے ہیں، ایسی باتیں بالکل فضول ہیں۔یاد رہے کہ وائرس سے بچاؤ کے لیے سخت اقدامات کرتے ہوئے حکومت سندھ نے تین ہفتے تک صوبے بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے جلسے، جلوس، اجلاس، مجالس، عرس، برسی اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی لگادی گئی۔تقریبات یا اجتماعات کے لیے بھی اجازت نامے منسوخ کردیے گئے ہیں جبکہ تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔شادی ہالز بند اور سنیما گھروں میں فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے اس کے علاوہ پکنک اسپاٹس، پبلک پارکس، ساحل سمندر، واٹر پارکس، پلے لینڈز، جمنازیم، سوشل کلبس میں بھی تقریبات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس کے علاوہ صوبے بھر میں درس گاہیں، مدارس اور مزارات بھی عارضی طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

گرفتاری حکم

مزید :

صفحہ اول -