لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو شکست دے دی

      لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو شکست ...

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 187 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔پی ایس ایل فائیو کے 30 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی،تفصیلات کے مطابق قلندرز نے اٹھارہ اعشاریہ پانچ اوورز میں 191 رنز بنا کر فتح اپنے نام کی۔تفصیل کے مطابق لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل فائیو) کے 29ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو عبرتناک شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔لاہور قلندرز کی جیت میں کرس لین نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے صرف 55 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 113 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں اوپنر فخر زمان 57 جبکہ کپتان سہیل اختر 19رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 187 رنز کا ہدف دیا تھا۔ سلطانز کے نمایاں بلے بازوں میں خوشدل خان کا نام سب سے اوپر ہے جنہوں نے 29 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ایس ایل فائیو کے 30 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 30 ویں میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح کے لیے 151 کا ہدف دیا۔اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پچھلے دو میچوں میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنیوالے شرجیل خان کو پہلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے افتخار احمد بھی 21 رنز ہی بناسکے۔کپتان بابراعظم نے کیمرون ڈیلپورٹ کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا تاہم وہ خود 32 رنز بنانے کے بعد پویلن واپس لوٹ گئے جس کے بعد چاڈوک والٹن نے ڈیلپورٹ کا ساتھ دیا اور ذمہ داری سے اسکورکو آگے بڑھایا۔ ڈیلپورٹ نے 37 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔والٹن 20 گیندوں پر 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ ڈیلپورٹ 44 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیل کرآؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 جب کہ فواد احمد، محمد حسنین اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جوابی بیٹنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر محض 16.2 اوورز میں ہی مقررہ ہدف حاصل کرلیا اور 154 رنز اسکور کیے۔میچ کی اوپننگ احمد شہزاد اور شین واٹسن نے کی۔ احمد شہزاد کوئی رن نہ بناسکے اور پویلین لوٹ گئے جب کہ شین واٹسن اور خرم منظور نے دھواں دھار اننگ کھیل کر میچ کوئٹہ کی فتح میں کردار ادا کیا۔شین واٹسن نے 34 گیندوں پر 66 رنز اور خرم منظور نے 40 گیندوں پر 63 رنز اسکور کیے، سرفراز احمد نے دو رنز بنائے اور بین کٹنگ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ اعظم خان 12 رنز اور محمد نواز 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز کے بالرز وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے دو دو جب کہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی چاروں ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا۔ سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ 15 مارچ بروز اتوار کے روز کھیلے گئے لیگ کے آخری گروپ میچ کے دوران ہوا۔ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل منگل کی دوپہر 2 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں ملتان سلطانز کی ٹیم سابقہ چیمپئن پشاور زلمی کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ایونٹ کا دوسراسیمی فائنل اسی روزشام 7 بجے کراچی کنگز اور لاہور قلندرزکے مابین کھیلا جائے گا۔ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں اس سے قبل گروپ مرحلے میں 2 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں، دونوں مرتبہ کامیابی ملتان سلطانز کے نام رہی۔ ملتان سلطانز نے پہلے گروپ میچ میں 6 وکٹوں اور دوسرے میں 3 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔دوسری طرف روایتی حریفوں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا گروپ مرحلے میں بھی پلڑا برابر رہا۔ پہلے گروپ میچ میں لاہور قلندرز نے (8وکٹوں)جبکہ دوسرے میں کراچی کنگز نے (10وکٹوں)سے کامیابی حاصل کی۔ایونٹ کا فائنل 18 مارچ بروزبدھ کو شام 7 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔

پی ایس ایل

مزید :

صفحہ اول -