کراچی میں نامعلوم پولیس موبائل پھر سرگرم ہو گئی

کراچی میں نامعلوم پولیس موبائل پھر سرگرم ہو گئی

  

کراچی(آن لائن)کراچی میں نامعلوم پولیس موبائل پھر سرگرم ہو گئی ہے، سادہ لباس اہل کار پولیس موبائل کے ساتھ گھروں کو لوٹنے لگے ہیں۔ نامعلوم سادہ لباس اہل کار پولیس موبائل میں مختلف علاقوں میں گھوم پھر کر گھر والوں کو لوٹ لیتے ہیں، گزشتہ روز بھی اہل کاروں نے ایک ڈیری فارمر کے گھر سے 23 لاکھ روپے لوٹنے کی کوشش کی لیکن اہل کار مشکل میں پڑ گئے، اور ان کی‘واردات’ناکام ہو گئی۔واقعے کا مقدمہ سکھن تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، سی سی ٹی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، جس میں پولیس موبائل اور ایک آلٹو گاڑی کو علاقے میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔مدعی کا کہنا تھا کہ پولیس موبائل میں سادہ لباس اہل کار آئے اور گھر کی تلاشی لینے لگے، تلاشی کے دوران اہل کاروں نے گھر سے 23 لاکھ روپے لوٹے۔ پولیس اہل کاروں نے میرے بیٹے کو بھی ساتھ لے جانے کی کوشش کی تو ہم نے شور شرابہ کیا جس پر لوگ اکٹھے ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق ہجوم جمع ہونے پر مبینہ اہل کاروں کی جان پر بن آئی، عوام کے ہاتھوں پکڑے جانے پر اہل کاروں نے اسلحہ موجودگی کا الزام لگایا، تاہم بھیڑ کے سامنے اہل کاروں نے ہار مان کر لوٹے ہوئے 23 لاکھ واپس کر دیے۔دریں اثنا، لوٹ مار کرنے والے اہل کار 15 موبائل آنے سے قبل ہی فرار ہو گئے۔ خیال رہے کہ پولیس موبائل کے ساتھ سادہ لباس اہل کار پہلے بھی اس طرح کی وارداتیں کرتے رہے ہیں۔

نامعلوم موبائل

مزید :

علاقائی -