فری میڈیکل کیمپ

فری میڈیکل کیمپ

  

لاہور(کرائم رپورٹر)کرونا وائرس سے آگاہی کے لئے شعبہ ٹیلی کمیونیکیشن کے زیراہتمام قربان پولیس لائنز میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد ہوا۔ پولیس افسران اور جوانوں کو لیبارٹری ٹیسٹ اور ادویات کی سہولت فراہم کی گئی۔ ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب شاہد جاوید اور ایس ایس پی صادق علی ڈوگر نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کرکے سہولیات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ میڈیکل کیمپ میں کرونا سے بچاؤ کے بارے میں مفید آگاہی فراہم کی گئی۔ ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب شاہد جاوید کی ہدایات پر لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ میں مستند ڈاکٹروں نے ملازمین کا چیک اپ کیا اور مفت ادویات تقسیم کیں جبکہ معیاری لیبارٹری کی طرف سے خصوصی رعایت کے ساتھ ٹیسٹ کئے گئے۔ سینکڑوں پولیس ملازمین نے اس کیمپ میں طبی معائنہ کرایا۔ ڈی آئی جی شاہد جاوید نے کہا کہ پولیس ملازمین کی صحت کا مکمل طور پر خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ میڈیکل کیمپ کا انعقاد اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ صرف صحتمند پولیس ملازمین ہی شہریوں کا بہتر انداز میں خیال رکھ سکتے ہیں۔ کورونا وائرس کے آگے بند باندھنا نہایت ضروری ہے۔ میڈیکل کیمپس کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ایس ایس پی صادق علی ڈوگر نے کہا کہ پیشگی اقدامات کرکے کورونا کی تباہ کاریوں کو روکا جا سکتا ہے۔ انہوں نے سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور باقاعدگی سے چیک اپ کرائیں۔

مزید :

علاقائی -