شہیدہیڈ کانسٹیبل کی برسی

شہیدہیڈ کانسٹیبل کی برسی

  



لاہور (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز بابر سعیدنے شہید سب انسپکٹرمحمداسلم کی ساتویں،شہیدہیڈ کانسٹیبل راشد منہاس کی پانچویں اورکانسٹیبل محمد خان کی 29 ویں برسی کے موقع پر شہداء کی بہادری اور لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس نے دہشتگردوں اورجرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے ہمیشہ جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ملک و قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنا لاہور پولیس کی روایت ہے۔

شہداء پولیس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہوررائے بابر سعید کی ہدایت پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز ملک جمیل ظفر کے زیر انتظام ہیڈ کانسٹیبل راشد منہاس کی آخری آرام گاہ واقع شہزادہ گاؤں قبرستان کاہنہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ڈی ایس پی کاہنہ سید اقبال شاہ شہداء کے ورثاء،پولیس افسران و جوان اور اہل علاقہ نے تقریب میں شرکت کی۔ لاہور پولیس کے مسلح دستے نے شہید کی قبر پرسلامی دی اور پولیس کی جانب سے پھولوں کی چاد رچڑھائی گئی۔اس موقع پر شہید کے درجات بلندی کے لئے دعائیں بھی کی گئیں۔یاد رہے کہ سب انسپکٹر محمد اسلم شہید تھانہ کوٹ لکھپت میں تعینات تھے۔ 2013 ء میں آج ہی کے دن لڑائی جھگڑے کی اطلاع پاکر وقوعہ پر پہنچے اور دونوں پارٹیوں کو فائرنگ کرنے سے منع کیا۔ ملزم شبیر نے سب انسپکٹرمحمد اسلم پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں آپ شہید ہو گئے تھے۔ ہیڈ کانسٹیبل راشد منہاس تھانہ نشترکالونی میں تعینات تھے۔ 2015 میں آج ہی دن چرچ پر سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے کہ ایک شخص کو مشکوک جان کر چرچ میں داخل ہونے سے روکا تو اْس نے خود کو بارودی مواد سے اْڑا لیا جس کے نتیجہ میں آپ شہید ہو گئے تھے جبکہ کانسٹیبل محمد خان ٹریفک سٹاف میں تعینات تھے اور دورانِ ڈیوٹی ٹریفک حادثہ میں شہید ہو گئے تھے۔ محمد اسلم شہید اور محمد خان شہید کو آبائی ضلع نارووال میں سپردخاک کیا گیا تھا۔

مزید : علاقائی