سابق گورنر خیبر پختونخوا سید افتخار حسین شاہ انتقال کرگئے

  سابق گورنر خیبر پختونخوا سید افتخار حسین شاہ انتقال کرگئے

  



کوہاٹ(این این آئی)سابق گورنرخیبر پختونخوا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید افتخار حسین شاہ 71 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ افتخار حسین شاہ 14 مارچ 1949ء کو محلہ میاں خیل کوہاٹ میں گلزار حسین شاہ کے ہاں پیدا ہوئے۔ تعلق کوہاٹ سے تھا۔ان کا شمار سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ وہ پرویز مشرف دور حکومت میں صوبہ خیبرپختونخوا کے گورنر مقرر ہوئے اور15 مارچ 2005ء تک گورنر رہے۔ مرحوم نے 1965 اور 1971 کی پاک بھارت جنگوں میں بھرپور حصہ لیا۔ 9 مارچ 2000 کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ عجیب اتفاق ہے کہ مرحوم 14 مارچ کو پیدا ہوئے،9 مارچ کو ریٹائر ہوئے،14مارچ کو وفاقی وزیر بنے، 15 مارچ کو گورنر کے عہدے سے سبکدوش ہوئے اور 15 مارچ کو ان کا انتقال ہوا۔ اس طرح دنیا میں آنے، اس فانی دنیا میں مختلف عہدوں پر فائز ہونے اور رخصت ہونے میں ان کے لئے مارچ کا مہینہ خاص اہمیت کا حامل رہا۔ وہ ٹھیک 71 سال کی عمر میں اللہ کو پیارے ہوگئے۔ سابق گورنر خیبر پختونخوا لفٹیننٹ جنرل(ر) کی نماز جنازہ آج بروز پیر 16 مارچ 2020 بعد از نماز عصر قلعہ گراونڈ کوہاٹ میں ادا کی جائے گی۔ انہیں بعدازاں حضرت حاجی بہادر کے قبرستان میں سپردخاک کیاجائے گا۔

انتقال

مزید : صفحہ آخر