ترسیلات زر ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں: بریگیڈیئر محمد اسلم

      ترسیلات زر ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں: بریگیڈیئر محمد اسلم

  



اسلام آبا د (اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈئیر محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ترسیلات زر ملکی معیشت میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں، عالمی کساد بازاری کی وجہ سے ترسیلات زر کو خطرات درپیش ہیں۔ کرونا وائرس، عالمی کساد بازاری اور تیل کی قیمتوں میں زبردست کمی سے دیار غیر میں کام کرنے والے بہت سے پاکستانی بے روزگار ہو سکتے ہیں، جس سے نمٹنے کے لئے مناسب منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یکم جولائی سے ترسیلات پر ودھولڈنگ ٹیکس کا خاتمہ خوش آئند ہے جس سے ہنڈی کی حوصلہ شکنی جبکہ زرمبادلہ کی صورتحال بہتر ہو گی۔ سال رواں کے ابتدائی آٹھ ماہ میں ترسیلات زر میں 5.37 فیصد اضافہ خوش آئند ہے۔کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت کے ساتھ وہ ملک بھی متاثر ہوئے ہیں جن سے سب سے زیادہ ترسیلات بھجوائی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن ممالک سے سب سے زیادہ ترسیلات موصول ہوتی ہیں ان میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک شامل ہیں۔ بہت سے ممالک میں اقتصادی سرگرمیوں میں زبردست کمی آئی ہے جبکہ تیل کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی ہے جس سے وہاں کام کرنے والے پاکستانی بے روزگار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو ترسیلات زر میں کمی ہو سکتی ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ بڑھ جائے گا اس حوالہ سے سٹرٹیجی بنانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ برآمدکنندگان کیلئے ایکسپورٹ ریبیٹ اور ڈیوٹی ڈرا بیک کی ادائیگی کا نظام خود کار بنانے سے شفافیت بڑھے گی، شکایات ختم ہو جائیں گی جبکہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔

مزید : کامرس