چارسدہ‘ شادی کی تقریب میں موسیقی اور ہوائی فائرنگ‘ پولیس کا چھاپہ

    چارسدہ‘ شادی کی تقریب میں موسیقی اور ہوائی فائرنگ‘ پولیس کا چھاپہ

  

چارسدہ(بیو رو رپوٹ) شادی کی تقریب میں موسیقی اور ہوائی فائرنگ کے دوران پولیس کا چھاپہ۔مسلح افراد نے پولیس پر اسلحہ تان کر پولیس کو حجرے کے اندر داخل ہونے سے روک دیا۔ دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی اکرم خان شدید زخمی۔ پولیس نے دولہے کے بھائی سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس سٹیشن ترناب کے حدود میاں حمید ڈھیر ی میں شادی کی تقریب کے دوران محفل موسیقی اور ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا کہ اس دوران ترناب پولیس کے ASIاکرم خان بمعہ نفری موقع پر پہنچ گئے جہاں پر مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی کو حجرے کے اندر داخل ہونے سے روک دیا جبکہ پولیس کے آگے بڑھنے پر مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں اکرم خان شدید زخمی ہو گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے کاروائی کے دوران دولہے کے بھائی محمد یحییٰ کو گرفتار جبکہ ملزمان فخرعالم ولد ظفر اور کفیل ولد فخر عالم اور دیگر کے خلاف اقدام قتل سمیت ہوئی فائرنگ اور لوڈ سپیکر ایکٹ کے تحت مقد مات درج کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس اب تک واقعہ میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتا کر چکی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -