شعبدہ بازی کے ذریعے حکمران لوگوں کو لڑانا چاہتے ہیں‘ شہزاد فیصل
ملتان (سٹی رپورٹر)تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیف آرگنائزر چوہدری شہزاد فیصل ارائیں نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو نان ایشوز میں الجھا کر اصل ایشوز سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔بہاولپور میں سول سیکرٹریٹ کا اعلان بھی ایسا ہی نان ایشو ہے۔دراصل بہاولپور (بقیہ نمبر8صفحہ12پر)
میں سول سیکرٹریٹ کے قیام کا اعلان علیحدہ صوبے کا ایشو دبانے کی ناکام کوشش اورسیاسی شعبدہ بازی ہے۔اس شعبدہ بازی کے زریعے حکمران خطے کی عوام کو آپس میں لڑوانا چاہتے ہیں جس کے نتیجے میں صوبہ ایشو کو گزندپہنچنے کا خدشہ ہے۔وہ ملتان لیبر ونگ کے عہدیدارن مرکزی صدر مسعود خالد علوی،مرکزی سیکرٹری جنرل فیاض بھٹی،عبدالرازاق بھٹی،اظہر حسین،عاطف زیدی،مظہر عباس اورغلام حسین انصاری سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی بھی اس حقیقت کا ادراک رکھتا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی عددی قوت کے بل بوتے پر پارلیمنٹ سے علیحدہ صوبے کا بل منظورنہیں کرواسکتی،اس کے باوجود اس ایشو کو ہائی لائٹ کرکے سیاسی شہید بننے کی کوشش کی جائے گی۔ہمارا مطالبہ ہے کہ حکمران اس خطے کی عوام کو بیوقوف بنانا بند کریں اورجغرافیائی حقیقت کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں،بصورت دیگر انہیں عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ہم ملتانی وزیرخارجہ سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ سیاسی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر دھرتی کا بیٹا ہونے کا حق ادا کریں اوردھرتی ماں کا قرض اتاریں۔اگر بہاولپور میں سول سیکرٹریٹ بن گیا تو یہ علاقائی نفرت اورفساد کی بنیاد ثابت ہوگا۔