حیدر آباد، کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام تربیتی سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ

حیدر آباد، کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام تربیتی سہولتیں فراہم کرنے کا ...

  

حیدرآباد(رپورٹ:عبدالطیف چنہ) کورنا وائرس کی امکانی وبائی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حیدرآباد ضلع میں ہوسڑی بائی پاس ٹنڈو محمد خان روڈکے قریب لیبر ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ کے1504 فلیٹس اور جامشورو ضلع کے تعلقہ کوٹری میں لیبر ڈپارٹمنٹ کے 512 فلیٹس کو قرنطینہ سینٹر بنا کر وہاں بجلی،گیس اور خوراک سمیت تمام تر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے -یہ فیصلہ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے آج اپنے کیمپ آفس میں وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے دی جانیوالی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ افسران سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اپنے اپنے اضلاع میں سروے کرکے فوری طور پر قرنطینہ سینٹرز قائم کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے حیسکو، سوئی گیس اور واسا سمیت دیگر عوامی خدمات کی فراہمی والے اداروں کے متعلقہ افسران کو ڈویزن کے تمام اضلاع میں قائم کیے جانیوالے قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کی فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو قرنطینہ سینٹرز میں صفائی ستھرائی سمیت سینیٹائیزر کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پبلک دفاتر میں بھی حکومت کی جانب سے ہیلتھ ایڈوائیزری پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کی- ڈویزنل کمشنر نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر سرکاری اسکولز و دیگر سرکاری عمارات کو بھی قرنطینہ سینٹرز کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے -انہوں نے تمام ڈْپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے اپنے ضلع کیلئے فوکل پرسن مقرر کریں جو کہ اضلاع میں قرنطینہ سینٹرزمیں سہولیات کی فراہمی اور کانٹیجنسی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں -انہوں نے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی نافذ ہے اور اس صورتحال میں کسی بھی عملدار یا عملے کی لاپرواہی یا غفلت پر ان کیخلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی- اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو اور ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن رٹائرڈ فریدالدین مصطفی نے اپنے اپنے اضلاع میں کرونا وائرس سے متعلق کیے جانیوالے اقدامات سے متعلق ڈویزنل کمشنر حیدرآباد کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس تمام متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -