مضبوط بلدیاتی نظام ہی مستحکم معیشت کی ضمانت ہے، سید مصطفی کمال

مضبوط بلدیاتی نظام ہی مستحکم معیشت کی ضمانت ہے، سید مصطفی کمال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ مضبوط بلدیاتی نظام ہی مضبوط معیشت کی ضمانت ہے۔ جس حد تک عوامی مسائل موثر انداز میں حل ہونگے کاروباری طبقے اور عوام کو اتنا ہی فائدہ ہوگا۔ بلدیاتی اداروں کو کسی شخص کا اپنے ذاتی یا پارٹی کے مفادات کے حصول کے لیے کمزور کرنا ملک اور آئندہ آنے والی نسلوں سے دشمنی ہے۔ دنیا بھر میں ترقی یافتہ ممالک اور شہروں میں مضبوط بلدیاتی نظام کے زریعہ بہترین انفرااسٹرکچر، کاروبار دوست ماحول، صحت، صفائی، تعلیم اور سستی توانائی مہیا کی گئی۔ جس کے بعد وہ ترقی کی دوڑ میں ہم سے سالوں آگے نکل گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاس میں کارکنان کے تیسویں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی اور اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ 70 لاکھ بچے سندھ میں اسکولوں سے باہر ہیں 99 فیصد سندھی ہیں۔ تھر میں مرنے والے سارے بچے، لاڑکانہ میں کتوں کے نوچے گئے تمام بچے سندھی ہیں، علاج کرانے کراچی آنے والا جو شخص راستے میں دم توڑ رہا ہے وہ بھی سندھی ہے۔ جو ماں بھوک کی وجہ سے اپنی بچیوں سمیت روہڑی کنال میں کودی اور ڈاکٹر کی جانب سے ایڈز کا ایک انجیکشن جن سب مریضوں کو لگایا گیا وہ سب سندھی تھے۔ اسی لیے کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کو سندھیوں کی نمائندہ جماعت نہیں مانتے کیونکہ اس حکومت میں سب سے زیادہ ظلم سندھیوں پر ہو رہا ہے۔ پاک سرزمین پارٹی لسانیت اے بالاتر ہو کر عوامی مسائل حل کرے گی اور کراچی سے کشمور تک عوامی مسائل حل کرے گی۔ یہ سندھیوں کی بھی ویسے ہی نمائندہ جماعت ہے جیسے اردو بولنے والوں کی کیونکہ ہم زبان کے بجائے مسائل کے حل کرنے کی قابلیت اور جذبے کی بنیاد پر سیاست کر رہے ہیں اور اسی طرح تمام پاکستانیوں کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ قبل ازیں ممبر نیشنل کونسل مقبول ابڑو نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایک سیاسی کارکنان کی زمہ داریوں پر روشنی ڈالی اور کردار سازی کے موضوع پر تفصیلی بات کی۔

مزید :

صفحہ اول -